تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیات

لاس اینجلس میں پولیس ٹریننگ سکول میں دھماکہ٬ تین پولیس افسران ہلاک

امریکہ میں حکام کے مطابق مشرقی لاس اینجلس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک تربیتی مرکز میں دھماکے کے نتیجے میں تین افسران ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ دھماکہ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے بسکالوز سینٹر اکیڈمی ٹریننگ میں ہوا جہاں شیرف کے خصوصی انفورسمنٹ بیورو اور بم سکواڈ سمیت آتش گیر مواد سے متعلق شعبہ موجود ہے۔

دھماکے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی ہے۔ تاہم لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف رابرٹ لونا نے اسے ایک ’آئیسولیٹڈ واقعہ‘ قرار دیا ہے۔ اس واقعے میں مزید کوئی زخمی نہیں ہوا۔

شیرف کے مطابق دھماکے میں مرنے والے تینوں افسران ’ماہر اور تجربہ کار‘ تھے، جنھوں نے محکمے میں 19 سے 33 سال تک خدمات انجام دی تھیں۔

حکام نے ہلاک ہونے والے افسران کے نام ظاہر نہیں کیے، کیونکہ ان کے اہلِ خانہ کو پہلے اطلاع دینا ضروری ہے۔ تینوں افسران شیرف کے آتش گیر مواد سے متعلق شعبے میں تعینات تھے۔

شیرف لونا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محکمہ کے سنہ 1857 میں قیام سے لے کر اب تک کسی ایک واقعے میں سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہمیں ابتدا سے تحقیق کرنی ہوگی کہ کیا ہوا تھا۔‘

فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور الکوحل، تمباکو، آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے بیورو تفتیش میں مدد کر رہے ہیں۔

امریکی اٹارنی جنرل پم بانڈی نے اس واقعے کو ’ہولناک‘ قرار دیا اور کہا کہ وفاقی ایجنٹس جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ تربیتی مرکز کے خصوصی انفورسمنٹ بیورو کی پارکنگ میں ہوا۔

بی بی سی کے امریکی شراکت دار سی بی ایس کے مطابق، جمعرات کو لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے بم سکواڈ کو سانتا مونیکا کے ایک گیراج میں بلایا گیا، جہاں کم از کم ایک دستی بم ملا۔

جواب دیں

Back to top button