تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

لاہور سے کراچی جتنا فاصلہ محض ڈھائی گھنٹے میں طے کرنیوالی ٹرین تیار

لاہور سے کراچی کا سفر صرف ڈھائی گھنٹے میں اب ممکن ہو گیا، چین نے 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی سپر فاسٹ ٹرین تیار کر لی۔

چین نے ایک جدید ترین ٹرین تیار کی ہے جو لاہور سے کراچی جتنا فاصلہ صرف ڈھائی گھنٹے میں طے کر سکتی ہے۔ یہ ٹرین 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو کئی ہوائی جہازوں سے بھی زیادہ تیز رفتار ہے۔

اس وقت جاپان کی ایم ایل ایکس ماگلیو (MLX Maglev) کو دنیا کی تیز ترین ٹرین مانا جاتا ہے، جو 361 میل (تقریباً 580 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے۔ تاہم، چین نے میگنیٹک لیویٹیشن یعنی ماگلیو ٹیکنالوجی پر مبنی نئی ٹرین متعارف کرائی ہے جو رفتار کے لحاظ سے نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔

ماگلیو ٹیکنالوجی میں ٹرینیں ریل کی پٹری کو چھوئے بغیر مقناطیسی طاقت کے ذریعے فضا میں معلق رہتی ہیں، جس سے نہ صرف رگڑ کم ہوتی ہے بلکہ شور اور آواز کی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی رفتار دیگر روایتی ٹرینوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

حال ہی میں اس ٹرین کے کانسیپٹ ماڈل کو 17ویں ماڈرن ریلوے نمائش میں پیش کیا گیا، جہاں یہ انکشاف کیا گیا کہ یہ ٹرین صرف 7 سیکنڈز میں 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

چین کے صوبہ ہوبے (Hubei) میں واقع ڈونگھو لیبارٹری میں اس ٹرین کا آزمائشی سفر جون میں کیا گیا، جہاں 1968 فٹ کے مخصوص ٹریک پر اس نے 7 سیکنڈ میں 404 میل فی گھنٹہ (تقریباً 650 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کی۔

یہ ٹیکنالوجی اگر کمرشل بنیادوں پر متعارف ہو جائے تو بیجنگ سے شنگھائی تک کا سفر، جو فی الحال فاسٹ ٹرینوں کے ذریعے ساڑھے پانچ گھنٹے میں طے ہوتا ہے، صرف ڈھائی گھنٹوں میں مکمل ہو سکے گا۔

تاہم، فی الوقت یہ واضح نہیں کہ یہ سپر فاسٹ ماگلیو ٹرین کب تک عام عوام کے لیے دستیاب ہوگی، کیونکہ اس کی کمرشل لانچ سے قبل مزید تحقیق اور انفراسٹرکچر پر کام باقی ہے۔

جواب دیں

Back to top button