
قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ اور دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مقامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ آرہی تھی کہ جب یہ قلات کے علاقے نیمرغ کراس کے قریب پہنچی ہے تو قریبی پہاڑوں پر چھپے مسلح افرادنے کوچ کو روکنے کی کوشش کی۔
ڈرائیورکے کوچ نہ روکے جانے پر مسلح افراد نے کوچ پر فائرنگ کے ساتھ دستی بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور پیر امیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا۔
اسپتال حکام کے مطابق زخمی مسافروں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
دوسری جانب ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔