
پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تیزی کا رحجان برقرار ہے، دوران کاروبار کے ایس ای 100 انڈیکس 862 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 37 ہزار پوائنٹس کی نئی تاریخی حد بھی عبور کرگیا۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ موجود تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں دلچسپی کا سلسلہ جاری رہا، دن 11 بج کر 58 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 862 پوائنٹس یا 0.63 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 37 ہزار 364 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 468 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 200 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، 251 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جب کہ 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
18 ارب 39 کروڑ 94 لاکھ 71 ہزار 281 روپے مالیت کے 48 کروڑ 45 لاکھ، 30 ہزار 869 شیئرز کی ایک لاکھ 99 ہزار 790 ٹریڈز کی گئیں۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس میں بھی 277 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس نے 2 ہزار 202 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 36 ہزار کی نئی تاریخی سطح بھی عبور کرلی تھی۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 202 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 36 ہزار 502 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، گزشتہ ہفتے کاروبار کا اختتام ایک لاکھ 34 ہزار 299 پوائنٹس پر ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک مارکیٹ میں نئی بلندی پر قوم کو مبارک باد بھی پیش کی تھی۔