
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے مئی میں ہونےوالی پاک بھارت جنگ کو حالیہ دہائیوں کی سب سے شدید فضائی لڑائیوں میں شامل کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے اتوار کو فرانس کے دفاعی اخراجات بڑھانے کے منصوبے کا اعلان کیا۔
صدر میکرون نے طے شدہ 2030 کے منصوبے سے 3 سال قبل ہی 2027 تک دفاعی اخراجات دُگنے کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں فوجی بجٹ 32 ارب یورو تھا جو 2027 تک بڑھا کر 64 ارب یورو کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی صدر نے عالمی منظرنامے کو بیان کرتے ہوئے دفاعی اخراجات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر میکرون نے عالمی منظرنامے میں پاکستان بھارت جنگ کا بھی ذکر کیا اور پاک بھارت جنگ کو حالیہ دہائیوں کی سب سے شدید فضائی لڑائیوں میں شامل کیا
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینوں میں ہم نے ایران پر بمباری، بھارت اور پاکستان کے درمیان جھڑپیں جن میں حالیہ دہائیوں کی شاید سب سے شدید فضائی لڑائی شامل ہے، یوکرین جنگ سمیت بڑے تنازعات کے پھیلاؤ کا مشاہدہ کیا۔
صدر میکرون نے کہا کہ لہٰذا اس دنیا میں آزاد رہنے کے لیے آپ کا طاقتور ہونا ضروری ہے اور اس کے لیے قوم کو مضبوط ہونا پڑے گا۔
پاک بھارت جنگ
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا تھا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا