تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

ایم کیو ایم لندن کے بانی الطاف حسین کی حالت تشویش ناک

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو ’شدید علالت‘ کی حالت میں لندن کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایم کیوایم کے لندن میں مقیم الطاف حسین کے ساتھی قاسم علی رضا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ملکی و بین الاقوامی صورتحال، لندن میں متعدد مقدمات، شدید مالی مشکلات کی وجہ سے طویل عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔‘

خیال رہے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین گذشتہ تین دہائیوں سے زیادہ کے عرصے سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں۔ سنہ 2016 میں کراچی میں ان کی ایک متنازع تقریر کے بعد پاکستان میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اپنی جماعت کو الطاف حسین سے علیحدہ کر لیا تھا۔

قاسم علی رضا نے ایم کیو ایم کے بانی کی صحت کی بارے میں تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’آج لندن کے مقامی ہسپتال میں ڈاکٹروں نے الطاف حسین کا چیک اپ کیا اور ٹیسٹ تجویز کیے جن میں ای سی جی، بلڈ ٹیسٹ، سی ٹی سکیں، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ شامل ہیں۔‘

ان کے مطابق ڈاکٹروں نے انھیں خون بھی چڑھایا ہے۔

ایم کیو ایم پر مخالفین پر تشدد کے الزامات لگتے رہے ہیں اور سنہ 1992، سنہ 1994 اور پھر سنہ 2016 کے بعد میں پارٹی کے خلاف سکیورٹی اداروں نے آپریشن بھی کیے۔

الطاف حسین پر اگست 2016 میں ایک تقریر کے دوران اپنے کارکنان کو دہشتگردی پر اُکسانے کے الزام میں برطانوی عدالت میں مقدمے کا سامنے بھی کرنا پڑا تھا۔

تاہم لندن کی کنگسٹن کراؤن کورٹ کی 12 رُکنی جیوری نے فروری 2022 میں انھِیں ان الزامات سے بری کر دیا تھا۔

جواب دیں

Back to top button