
پاکستانی اداکار ثاقب سمیر نے اپنی زندگی میں پیش آنے والا خوفناک واقعہ مداحوں کے گوش گزار کیا ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں مہمان بننے والے ثاقب سمیر نے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسی لڑکی کی مدد کر چکے ہیں جس پر جنات تھے، وہ ان کی زندگی کا سب سے خوفناک لمحہ تھا جس کو وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔
اداکار نے بتایا کہ ’میں ایک بلڈنگ میں کرائے پر رہتا تھا جہاں دیگر بلڈنگز ایک دوسرے کے ساتھ تقریباً جُڑی ہوتی تھیں، وہیں ساتھ والی بلڈنگ میں دو لڑکیاں رہتی تھیں جن سے میری چھت پر ملاقات ہوئی، اس کے بعد مجھے پتا چلا کہ یہ وہی ہیں جنہیں کچھ عرصہ قبل میں اداکاری کی ورکشاپ کرواچکا ہوں
انہوں نے بتایا کہ ’بعد ازاں میری اکثر ان دونوں سے چھت پر ملاقاتیں ہونے لگیں، ایک دن چھت پر باتوں کے دوران ان لڑکیوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک پر جنات کا سایہ ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں کیونکہ وہ جن کبھی بھی آجاتا ہے اور انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ اکیلی رہتی ہیں
اداکار کے مطابق ’میں نے ان کی مدد کرنے کا ارادہ کیا اور کہا کہ اب کبھی جب ایسا ہو تو مجھے مدد کے لیے بُلا لیں‘۔
ثاقب سمیر نے مزید بتایا کہ ’ایک دن جب اس لڑکی پر جن آیا اور اسے دورے پڑنے لگے تو انہوں نے مدد طلب کی تاہم میں نے ان کے گھر جانا مناسب نہیں سمجھا کہ لوگ باتیں بنائیں گے بلکہ انہیں اپنے گھر بُلا لیا‘۔
دوران گفتگو اداکار نے مزید بتایا کہ ’اس لڑکی پر جب جنات آئے تو اس کی گردن نیچھے جھکی اور سارے بال چہرے پر آگئے، بکھرے ہوئے بالوں سے اس کے اندر سے مرد کی آواز نکل رہی تھی، میں بہت ڈر گیا اور دل میں سورۃ الناس پڑھنا شروع کردی لیکن اس وقت میری حیرت کی انتہا نہ رہی جب اس لڑکی نے مرد کی آواز میں کہا کہ ’پڑھنا بند کرو‘، یقیناً وہ جن ہی تھی جو یہ کہہ رہا تھا جس پر میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے‘۔
ثاقب سمیر کا کہنا تھا کہ ’وہ لمحہ میرے لیے سب سے خوفناک لمحہ تھا کیونکہ میں دل میں تلاوت کر رہا تھا مگر اس جن کو معلوم ہوگیا اور اس نے مجھے پڑھنے سے روک دیا تب میں کانپنے لگا اور تھوڑی بہت جن سے گفتگو کی، بعد میں میں نے ان لڑکیوں سے واپس اپنے اپنے شہر لوٹ جانے کا کہا‘