
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) کے واقعات کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران مسلسل گرمی کی وجہ سے شمالی علاقوں میں برف اور گلیشیئر کے پگھلنے میں تیزی آئی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں وجہ سے برفانی جھیلوں پر ہائیڈرو میٹرولوجیکل دباؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریشن، بریپ، بونی، سردار گول، تھلو 1، تھلو 2، بدسوات، ہنارچی، درکوٹ، ہنڈر کے علاقوں میں گلوف واقعات کی وجہ سے گلیشیائی سیلاب اور رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گلیشیرز اور دریا کے کناروں سے دور رہیں اور سیلابی ریلوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔