
بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کو زندہ گرفتارکرنے والے پاک فوج کے میجرسید معیز عباس شاہ جنوبی وزیرستان میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور آپریشن میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر سید معیز عباس شاہ آپریشن کی قیادت کررہے تھے، میجر معیز شہید کو متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں اور بہادری کے لیے جانا جاتا تھا۔ 37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق چکوال سے ہے جبکہ 27 سالہ شہید لانس نائیک جبران اللہ ضلع بنوں کے رہائشی تھے۔
یاد رہےکہ 27 فروری 2019کو پاکستان نےلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کرلیا تھا.