
پاکستان نے اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ ’اسرائیلی جارحیت ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو جارح کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔‘
پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان کا موقف ایران پر واضح اور شفاف ہے۔ ہم ایران کی بھرپور اخلاقی حمایت کرتے ہیں۔ ہم ایران پر جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘
’ہم اسرائیل کے پاگل پن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘
پاکستانی دفتر خارجہ کہ مطابق ’ہمارے لیے برادر اسلامی ملک ایران میں جو ہو رہا ہے وہ سنجیدہ اور شدید تحفظات کا باعث ہے۔‘
دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دینے کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ اور نہ ہی ابھی تک ایران نے ہم سے کسی قسم کی فوجی امداد نہیں مانگی۔