
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ہرزہ سرائی کی ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی شہریوں پر میزائل حملے جاری رکھے تو ان کا انجام صدام حسین جیسا ہو سکتا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز منگل کو اسرائیلی فوج کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں ایرانی آمر کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ اسرائیلی شہریوں پر میزائل داغنے اور جنگی جرائم کے ارتکاب سے باز رہیں، بہتر ہوگا کہ وہ اپنے پڑوسی ملک کے آمر کا انجام یاد رکھیں، جس نے اسرائیل کے خلاف یہی راستہ اختیار کیا تھا‘۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا اشارہ عراق کے سابق صدر صدام حسین کی جانب تھا جنہیں2003 میں امریکی حملے کے بعد اقتدار سے ہٹادیا گیا تھا، بعدازاں کئی ماہ کی روپوشی کے بعد وہ ایک صحرائی گڑھے میں چھپے ہوئے ملے تھے، بعدازاں انہیں پھانسی دے دی گئی تھی۔