
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا میں منعقدہ جی سیون اجلاس چھوڑ کر امریکہ روانہ ہو رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے مطابق ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ’انتہائی اہم امور کو دیکھ سکیں۔‘
لیویٹ نے ایکس پر لکھا کہ ’مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیشِ نظر صدر ٹرمپ آج رات سربراہان کے ساتھ اعشایے کے بعد کینیڈا سے روانہ ہو جائیں گے۔‘
کچھ لمحات قبل ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر لکھا تھا کہ ’امریکہ فرسٹ کا مطابق بہت شاندار چیزیں ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔
ٹرمپ نے امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کا اجلاس ’سچویشن روم‘ میں طلب کر لیا گیا۔
قومی سلامتی کونسل میں سینیئر حکومتی اہلکار شامل ہوتے ہیں جن میں وزیرِ خارجہ، وزیرِ دفاع اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس شامل ہوتے ہیں۔ یہ فورم صدر کو قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی پر تجاویز دیتا ہے۔