تازہ ترینخبریںدنیا

ایران نے ثابت کردیا کہ وہ اب بھی طاقتور ہے٬ بی بی سی

جمعے کے روز اسرائیل نے ایران پر یکے بعد دیگرے کئی حملے کیے جن میں جوہری تنصیبات اور میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

نطنز میں یورینیم افزودگی کے مرکز اور اصفہان کی جوہری تنصیب سمیت کئی اہم مقامات پر حملے کیے گئے جبکہ اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنسدانوں کو بھی مارا گیا۔

یہ کارروائیاں ایران اور اسرائیل کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی میں ایک بڑا اور خطرناک موڑ ثابت ہوئی ہیں۔ ان حملوں کے بعد ایران کی اعلی’ سطحی شخصیات کی موت سے پیدا ہونے والی صورتحال نے ایک تاثر پیدا کیا کہ شاید ایران اب کمزور ہوچکا ہے۔ تاہم اب بی بی سی نے تجزیہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسا نہیں ہے اور ایران اب بھی بھرپور جواب دینے کی طاقت رکھتا ہے۔ بی بی سی اپنی تجزیاتی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کئی برسوں سے اس طرح کے حملے کی وکالت کرتے آئے ہیں۔ ان کے نزدیک ایران نہ صرف اسرائیل بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک خطرہ ہے۔

جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں نیتن یاہو نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

اس کے جواب میں ایران نے کئی مرتبہ اسرائیل پر ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے۔ صبح کے وقت پہلا حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا لیکن شام ہوتے ہی سائرن بجنے لگے اور یروشلم سمیت کئی علاقوں کے آسمان دھماکوں اور روشنیوں سے بھر گئے۔

تل ابیب میں دھوئیں کے بادل چھا گئے اور زور دار دھماکے ہوئے جس کے بعد شہری پناہ گاہوں میں چلے گئے جیسا کہ انھیں ہدایت دی گئی تھی۔

ایران نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اگرچہ وہ آج سے ایک یا دو سال پہلے کے مقابلے میں کمزور ہو سکتا ہے مگر اسرائیل کے غیر معمولی حملے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت اب بھی رکھتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button