روس کا قومی دن اور پاکستان سے بڑھتے تعلقات، نئے دور کا آغاز

روس کا قومی دن اور پاکستان سے بڑھتے تعلقات، نئے دور کا آغاز
تحریر : سیدہ سونیا منور
ہر سال 12جون کو روس کا قومی دن بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، یہ دن 1990ء میں روسی سوویت وفاقی سوشلسٹ جمہوریہ کی خودمختاری کے اعلان کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن روسی عوام کے لیے آزادی، اتحاد اور قومی تشخص کی علامت ہے۔ اس موقع پر پورے ملک میں تقاریب، آتش بازی، ثقافتی پروگرامز اور قومی پرچم لہرانے کی روایات شامل ہیں، روس ایک بڑی عالمی طاقت ہے جس کا عالمی سیاست، معیشت، سائنس اور ثقافت میں نمایاں کردار ہے روس کی تاریخ، ادب، فنون لطیفہ اور سائنسی ترقی نے دنیا بھر میں اثر ڈالا ہے۔ روس کے قومی دن پر ان تمام پہلوئوں کو اجاگر کیا جاتا ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے ملک کی تاریخ اور اقدار سے واقف ہو۔ پاکستان اور روس کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں، اگرچہ سرد جنگ کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ سرد مہری رہی، لیکن حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ تجارتی تعلقات کے حوالے سے پاکستان اور روس کے درمیان توانائی، زراعت، معدنیات اور تعمیرات کے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ روس نے پاکستان میں گیس پائپ لائن منصوبوں اور دیگر توانائی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو دونوں معیشتوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ ثقافتی تعلقات بھی دونوں ممالک کو قریب لا رہے ہیں، پاکستان میں روسی ثقافت کے حوالے سے مختلف نمائشیں، موسیقی و رقص کے پروگرامز اور فلم فیسٹیولز منعقد کیے جاتے ہیں۔ ا سی طرح روس میں بھی پاکستانی ثقافت، کھانوں اور دستکاری کی نمائشوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس سے عوامی سطح پر تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں۔ تعلیمی میدان میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھ رہا ہے، کئی پاکستانی طلبہ روسی جامعات میں میڈیکل، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ تعلیمی روابط دونوں اقوام کے درمیان فہم و شعور کو بڑھا رہے ہیں۔ ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے دونوں حکومتوں کو باقاعدہ دوطرفہ ملاقاتوں، تجارتی میلوں اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلے جیسے اقدامات کو فروغ دینا چاہیے۔ عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے سے غلط فہمیوں کا ازالہ ہو گا اور دوستی کا دائرہ مزید وسیع ہو گا۔ روس کا قومی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہر قوم کو اپنی آزادی، ثقافت اور وقار پر فخر ہونا چاہیے، پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اس بات کی دلیل ہیں کہ تعاون، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اقوام کے درمیان مضبوط رشتے قائم کیے جا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بھی آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے، پاکستان اور روس نے حالیہ برسوں میں مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں، جن سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح کے اقدامات نہ صرف علاقائی سلامتی کے لیے اہم ہیں بلکہ عالمی سطح پر امن کے فروغ میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔ آنے والے وقت میں اگر دونوں ممالک نجی شعبوں کو بھی دوطرفہ سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع فراہم کریں تو یہ تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔ میڈیا، سیاحت، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر پاکستان اور روس نہ صرف ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں، بلکہ خطے میں استحکام اور ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار کی جا سکتی ہیں۔