
معروف ماہرِ نجوم پروفیسر غنی جاوید نے پاکستان کے حوالے سے ایک ہولناک پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پہلے ہی "برے دنوں” میں داخل ہو چکا ہے، اور اپریل کے آخری ہفتے سے لے کر مئی کے پہلے عشرے تک کا دور انتہائی خطرناک تھا—جبکہ اصل خطرہ اب 27 مئی کو لاحق ہے۔
سینئر کالم نگار جاوید چوہدری کے مطابق، پروفیسر غنی نے اپریل کے آغاز میں ان سے ملاقات کی اور خبردار کیا کہ پاکستان آنے والے اڑھائی سال تک ایک مسلسل بحران کی لپیٹ میں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ قیادت—جنرل عاصم منیر، عمران خان، نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف—میں سے کسی ایک کو بھی نقصان پہنچا، تو ملک بدترین سیاسی اور سیکیورٹی بحران میں جا گرے گا، جس کا براہ راست فائدہ بھارت اٹھا سکتا ہے۔
غنی جاوید کے مطابق بھارتی جوتشی بھی اس وقت کو پاکستان کے لیے "بدشگونی کا دور” قرار دے چکے ہیں، اور بھارتی ادارے پاکستان کے کمزور ستاروں سے آگاہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ آنے والے وقت میں "ایک کے بعد ایک وار” کا خدشہ ہے۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ 20 مئی کے بعد ایک اور بڑا ٹرن آئے گا، جبکہ 27 مئی خاص طور پر پاکستان کے لیے "انتہائی خطرناک دن” ہو گا۔
جاوید چوہدری نے اس پیش گوئی کو ابتدا میں غیر سنجیدہ لیا، تاہم 22 اپریل کو پہلگام واقعے کے بعد بدلتے حالات نے انہیں بھی خوف میں مبتلا کر دیا۔
پروفیسر غنی نے قوم سے دعا اور اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا:
"یہ وقت صرف اللہ سے لو لگانے، اتحاد قائم رکھنے اور قیادت کی سلامتی کے لیے دعاؤں کا ہے—ورنہ تاریخ کا یہ خطرناک دور 2027 تک ہمیں آزماتا رہے گا۔”