
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر 20 مئی سے 24 مئی تک کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر مکمل تیاری رکھیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن، ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بڑے شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور آندھی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق الرٹ کر دیا گیا ہے۔عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی اور ہسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس کو بھی فعال کیا جا رہا ہے۔