Column

افواج پاکستان آہنی دیوار

افواج پاکستان آہنی دیوار
تحریر : حسیب بٹر ایڈووکیٹ
افواج پاکستان کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس نے کبھی سول آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، خواتین بوڑھوں بچوں پر ہتھیار نہیں اٹھائے، حتی المقدور کوشش کی ہے کہ امن اور صلح کو ترجیح دی جائے، لیکن جب دشمن کسی طور اپنے ظلم اور زیادتیوں کا سلسلہ نہ روکے تو افواج پاکستان کو ہر طرح کے دشمن کی طبیعت کو ٹھیک کرنا آتا ہے۔ ہندوستان شائد یہ بھول گیا تھا، پاکستان کی افواج تمام ممالک کی افواج سے بہتر ہیں، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے۔ مسلمانوں کیلئے جنگ میں شہید ہونا ان کے ایمان کا حصہ ہے، بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کر کے، کم سن بچوں کو شہید کر کے پوری دنیا کو اپنی بزدلی کا ثبوت دیا۔ پھر کہیں جا کر پاک فوج نے جوابی کارروائی کر کے بھارت کے پانچ جہاز تباہ کئے۔ سرحدی علاقوں کو نیست و نابود کر کے منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کا ہر بچہ شہادت کا جذبہ لے کر پیدا ہوتا ہے، ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، پاک فوج نے انڈیا کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا ہے اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ پاکستان ٹیکنالوجی میں کسی سے کم نہیں۔ پاکستان کی ریاست اور پاک افواج کو چاہیے مسئلہ کشمیر کو بھی حل کیا جائے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا۔
اب جبکہ پاکستان نے دنیا کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے سیز فائر کرلیا تو پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جا رہی ہے۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ( بی بی سی) کے مطابق بھارت کی حکمتِ عملی ناکام رہی اور پاکستان کو فوجی محاذ پر برتری حاصل ہوئی جبکہ بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت کے لیے چیلنج ہے، اربوں خرچ کر کے بھی بھارت کو فائدہ نہ ہوا۔ برطانوی جریدے ٹیلی گراف نے پاکستان کی موثر دفاعی حکمتِ عملی کو سراہا اور بھارتی طیاروں پر سخت سوالات اٹھائے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے ’ تضحیک آمیز شکست‘ ہے جب کہ پاک فضائیہ، فضائوں کی حکمران ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق پاکستانی طیاروں نے ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے جدید میزائل استعمال کرتے ہوئے 5بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جب کہ پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر نہ صرف اپنی فضائی برتری ثابت کر دی بلکہ عالمی سطح پر عسکری ماہرین کو حیران کر دیا۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فوجی کیمپس اور ایئر بیسز کو بھاری نقصان پہنچایا، پاکستان کے حملے کے بعد بھارت نے امریکا سے رابطہ کیا، اور امریکا سے سفارتی حل نکالنے کا کہا۔ ماہرین کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حقائق سے ثابت ہوا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی فضائی و عسکری برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔
اب جب اللہ نے اپنی نصرت عطا فرمائی ہے تو پاکستان کے سیاستدانوں کو چاہئے کہ پاکستان سے دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جائے، کہ یہ بھی بھارت کی سرپرستی میں سب ہورہا ہے اور بھارتی دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں، اور یہ بھی کہ پاکستان سے کرپشن کا مکمل خاتمہ بھی کر دیا جائے کہ چین کی ترقی کے پیچھے بھی کرپشن جیسی لعنت کا خاتمہ ہے۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد

جواب دیں

Back to top button