
لاہور ()وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آپریشن ‘سندور’ ‘تندور’ بن چکا ہے، مودی سرکار کے پاس اب کوئی جواب باقی نہیں رہا۔دشمن کو اپنے طیاروں،ایئر ڈیفنس سسٹم اور میزائلوں پر ناز تھا،ہم نے سب خاک میں ملا دیا ہے۔انہوں نےکہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے کامیاب اختتام پر وزیراعظم کی ہدایت پر یوم تشکر منایا گیا، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تمام اسکولوں میں اسمبلی کے دوران اس دن کو خراج تحسین کے طور پر منانے کی ہدایت جاری کی گئی۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود زخمیوں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ تشریف لے گئیں اور شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت میں جامِ شہادت نوش کیا۔عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کو شکست خوردہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ "مودی صاحب فلموں کی طرح سمجھ رہے تھے کہ پاکستان کو ہرا لیں گے، لیکن یہ جنگ حقیقت تھی، کوئی فلمی سین نہیں۔انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ پراپیگنڈا پھیلانے کے بجائے حقائق کا سامنا کریں۔ "ہم ابھی صرف ٹریلر دکھا رہے ہیں، پوری فلم باقی ہے۔”وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہریوں کی قربانیاں کسی مالی پیکج کی محتاج نہیں، تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب جلد شہداء کے لواحقین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کریں گی۔ "ہم اپنی سرزمین اور شہداء پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔”عظمیٰ بخاری نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "نواز شریف صرف ایک لیڈر نہیں بلکہ ایک وژنری ہیں۔ دس مئی کو بھی انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ یہ پورا آپریشن نواز شریف کی قیادت میں ڈیزائن ہوا تھا۔بعد ازاں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سی ایم ایچ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے غازیوں اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مادرِ وطن کے ان سپوتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کی سربلندی کا علم بلند رکھا۔وزیر اطلاعات نے کہا، "جنگ کے شہداء اور غازی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے ان ہیروز کی احسان مند رہے گی۔”عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پوری قوم اس عظیم فتح پر افواجِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ "شہداء اور غازیوں نے ارضِ پاک کو سرخرو کیا ہے۔ ان کی بے مثال قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔