Column

’’بنیان مرصوص‘‘ ملا خاک میں دشمن کا غرور

تحریر : خنیس الرحمٰن
بھارت کا یہ خواب ہمیشہ ہی سے رہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کوئی نہ کوئی چھیڑ خانی کرتا رہے لیکن گزشتہ ہفتے تو اس نے حد کردی۔ انڈین پہلگام ڈرامے کو بنیاد بنا کر اس نے نہ کوئی تحقیق کی نہ کوئی وہ ثبوت اکٹھے کر سکا اور اس نے بے بنیاد الزام پاکستان پر لگا دیا۔ اس نے پہلگا م کے ڈرامے کا بدلہ لینے کے لیے پاکستان پر رات کے اندھیرے میں میزائل گرائے جس کے نتیجے میں مظفر آباد کی مسجد بلال ،بہالپور کی مسجد سبحان اللہ اور مسجد ام القریٰ مریدکے جو کہ اس وقت گورنمنٹ کے محکمہ ایجوکیشن کے زیر انتظام تھی شہید ہوگئے اس حملے میں مسجد ام القریٰ کے ملحقہ ایڈمن بلاک میں تین افراد ڈاکٹر خالد ،مدثر طفیل اور عبدالمالک شہید ہوئے ۔ مسجد سبحان اللہ میں تو قیامت کا منظر تھا ایک ہی خاندان کے 14افراد شہید کردئیے گئے معصوم بچے ایک ہی خاندان کے 4معصوم بچے عروہ ،محمد،عویم،عمر کو شہید کیا کیا گیا۔ مظفر آباد میں ارتضیٰ معصوم بچا بھارتی بربریت کا نشانہ بنا ۔ان شہداء کی نماز جنازہ باقاعدہ فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی ۔مریدکے کے شہداء کی نماز جنازہ مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ عبدالرئوف نے پڑھائی ۔یہ جنازہ بھی بھارت کے لیے بھاری تھا اس نے پروپیگنڈا شروع کردیا کہ ایک دہشتگرد جنازہ پڑھا رہا ہے اور اس جنازے میں پاکستان کی افواج کی وردیوں ملبوس افسران بھی ہیں اور یہ دعویٰ بھی کرتا رہا کہ یہ عبدالرئوف اظہر ہیں جن کو ہم نے ہلاک کیا لیکن تصویر دکھاتا رہا ملا عبدالرئوف کی جو افغانستان میں طالبان سے تعلق رکھتا تھا اور 2015ء میں کسی لڑائی کے دوران چل بسا۔ترجمان پاک فوج کو بھی میدان میں آنا پڑا انہوں نے غیر ملکی و مقامی میڈیا کے سامنے آکر بھارتی پروپیگنڈا رکھا کہ حافظ عبدالرئوف ایک مقامی سیاسی رہنماء ہیں اور انہوں نے 2024ء کا الیکشن لڑا اور ان کا ایک ویڈیو کلپ چلایا گیا ۔یہ بات تو درست ہے حافظ عبدالرئوف نے ہمارے حلقے سے الیکشن لڑا اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔
بھارت کی طرف سے مسلسل ڈرون حملوں کا پاکستان نے مقابلہ کیا اور بڑی شہر آبادی کو نقصان پہنچنے سے بچایا ۔ لیکن 9مئی کی رات بھارت نے حد کردی راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس، شورکوٹ ایئر بیس اور مرید ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور پاکستان نے بھی بھرپور جواب دینے کی تیاری کرلی ۔صبح کے وقت 10مئی کے دن پاکستان آرمی کی طرف سے آپریشن بنیان مرصوص کا اعلان کیا گیا ۔قرآن مجید کی سورت الصف کی آیت نمبر چار ہے: اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الَّذِیْنَ یُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِہ صَفَّا کَاَنَّھُمْ بُنْیَانٌ مَّرَصُوْصٌ۔ اس کا مفہوم ہے کہ ’’ اللہ کو تو پسند وہ لوگ ہیں جو اس کی راہ میں اس طرح صف بند ہو کر لڑتے ہیں گو یا کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں‘‘۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نماز فجر ادا کی اور اس آیت کی تلاوت کی۔ اس کے بعد آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
سب سے اہم بات اس آپریشن کا اعلان رات کے اندھیرے میں نہیں ہوا بلکہ صبح صادق ہوا ۔یہ بھی پاک فوج کی جانب سے سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا الگ ہی مظہر تھا۔ صحیح بخاری کی حدیث ہے، سیدنا انسؓ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خیبر روانہ ہوئے تو وہاں رات کو پہنچے، اور آپ جب بھی کسی قوم کے پاس رات کو پہنچتے تو جب تک صبح نہ ہو جاتی اس پر حملہ نہیں کرتے، پھر جب صبح ہو گئی تو یہود اپنے پھاوڑے اور ٹوکریوں کے ساتھ نکلے، جب انہوں نے آپؐ کو دیکھا تو کہا: محمدؐ ہیں، اللہ کی قسم، محمدؐ لشکر کے ہمراہ آ گئے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اللہ اکبر! خیبر برباد ہو گیا، جب ہم کسی قوم کے میدان میں اترتے ہیں اس وقت ڈرائے گئے لوگوں کی صبح، بڑی بری ہوتی ہے‘‘۔
پاکستان کی فوج کی طرف الفتح میزائل چلایا گیا۔ سب اہم بات کہ بیلیسٹک میزائل الفتح کو ان معصوم بچوں کے نام کیا جو بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ فتح ون میزائل پاکستان کا جدید اور مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ہتھیار ہے جس کی رینج 120کلومیٹر تک ہے۔ 24اگست 2021ء کو مقامی طور پر تیار کردہ فتح ون راکٹ سسٹم کا تجربہ کیا گیا تھا۔ فتح ون پاکستان کا تیار کردہ زمین سے زمین پر مار کرنے والا گائیڈڈ میزائل ہے جو فتح سیریز کا حصہ ہے۔ اس سیریز میں ایک اور میزائل فتح ٹو بھی شامل ہے۔ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق400کلومیٹر تک کے فاصلے پر مار کرنے والے اس میزائل میں اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص نے دہلی کو دہلا دیا۔ بھارت میں 10سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اورائیر فیلڈز کو تباہ کردیا گیا ، بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان تمام بیسز سے جہاں سے پاکستان کے عوام، مساجد و دیگر مقامات پر حملے کئے گئے تھے، ان کو ٹارگٹ کیا گیا، پاکستان کے جے ایف 17تھنڈر نے ہائپر سونک میزائلوں سے آدم پور میں بھارت کا دفاعی نظام S۔400سسٹم تباہ کردیا، ایس 400ایئر ڈیفنس سسٹم کی مالیت لگ بھگ ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز بھی تباہ کردیا گیا،پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کر دی۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کا سیٹلائٹ جام کردیا، پاک فضائیہ کی کارروائی کے بعد بھارتی فوجی سیٹلائٹ نے کام چھوڑ دیا۔
اس آپریشن نے بھارت کو سنبھلنے کو موقع نہیں دیا وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا اور بھاگ کر امریکہ اور عرب ملکوں سے بھیک مانگتا رہا جس آج سارا عالمی میڈیا اعتراف کر رہا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے دونوں ملکوں کو سیز فائر پر راضی کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے کوشاں رہا ہے اور اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیادوسری طرف انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 12مئی کو ( آج ) دن 12بجے ( انڈین وقت کے مطابق) دوبارہ بات ہو گی۔
بھارت کو یہ سمجھ جانا چاہیے کہ پاکستان کے ساتھ خیالوں میں بھی جنگ کا سوچنا ممکن نہیں۔ بھارت جن پاکستان کے محب وطن شہریوں کو دہشت گرد کہتا رہا پوری دنیا نے دیکھا وہ محب وطن لوگ ہیں اور بھارت محض پروپیگنڈے کے زور پر ہی اپنی بدمعاشی پر رہا ۔اس آپریشن نے بھارت کو گھمنڈ کو توڑا اور اس کا غرور خاک میں ملایا ۔ پوری دنیا نے بھارت سمیت یہ بھی دیکھ لیا کہ پاکستان اپنادفاع کرنا بھی جانتا ہے اور اس کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ پورے ملک میں آپریشن کی کامیابی کا جشن بھی منایا گیا ،مٹھائیاں بھی تقسیم ہوئیں ۔پوری قوم اللہ کا شکر ادا کرے اور اس بات کا ہم یقین کرتے ہیں ہمارے ملک کی بقا ء افواج پاکستان کے بغیر ممکن نہیں اور پوری قوم تمام تر اختلافات بھلا کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہے تاکہ دشمن فائدہ نہ اٹھا سکے۔ پاکستان زندہ باد

جواب دیں

Back to top button