تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستان کے مختلف شہروں سے حج پروازوں کی روانگی کا سلسلہ جاری

پاکستان  سے عازمین حج کی روانگی کے فلائٹ آپریشن کے منگل 29 اپریل کو آغاز کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سے مدینہ منورہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ فلائٹ آپریشن 33 دن پر مشتمل ہوگا۔

قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713 اسلام آباد سے 442 حجاج کو لے کر صبح 45۔4 بجے مدینہ روانہ ہوئی۔

عازمین حج کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات نے رخصت کیا اور خصوصی تحائف دیئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سردار یوسف نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیااور انہیں روڈ ٹو مکہ امیگریشن پروسیس پر بریفنگ دی گئی۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے نجی ائیر لائن "ائیر سیال” کی پہلی حج پرواز PF-7700 منگل کو صبح ساڑھے آٹھ بجے 147 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔

اس کے علاوہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج 2025 کی پہلی پرواز نجی ائیرلائن سیرین ائیر 285 عازمین حج کو لے کر 9 بجکر 35 منٹ پر مدینہ روانہ ہو گئی۔

کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 حجاج کو لے کر روانہ ہوگئی۔

پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لئے روانہ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی۔ پی آئی اے پاکستان کے چھ بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔

اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے طریق مکہ (روڈ ٹو مکہ)کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کے جائیں گے۔

پی آئی اے تقریبا 35200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گا۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔ جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہوں گی۔

جواب دیں

Back to top button