دنیا

مقبوضہ کشمیر: پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 24 سیاح ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 24 سیاح ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں ’اے ایف پی‘ اور ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں ہوا جو مسلمان اکثریتی علاقے میں واقع ہے جب کہ یہ گزشتہ ایک سال کے دوران مقبوضہ وادی میں پیش آنے والا بدترین واقعہ ہے۔

یاد رہے کہ پہلگام میں موسم گرما کے دوران ہزاروں سیاح وادی کی خوبصورتی دیکھنے کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں جب کہ حالیہ برسوں میں یہاں پر پرتشدد واقعات میں بھی کمی آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک سیکیورٹی ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد 20، دوسرے نے 24 اور تیسرے ذرائع نے 26 رپورٹ کی، تینوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی کیونکہ ان کے مطابق وہ میڈیا سے بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

قبل ازیں، بھارتی ٹی وی چینلز نے ابتدائی طور پر اطلاع دی تھی کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے اپنا نام بتائے بغیر انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ فائرنگ ہمارے سامنے ہوئی، ہم نے سوچا کہ کوئی پٹاخے چلا رہا ہے، لیکن جب ہم نے دوسرے لوگوں کی (چیخنے) کی آواز سنی تو ہم جلدی سے وہاں سے نکلے، اپنی جان بچانے کے لیے بھاگے۔

ایک اور عینی شاہد نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ چار کلومیٹر تک، ہم نہیں رکے، میں کانپ رہا ہوں۔

ایک ٹور گائیڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ گولی چلنے کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچے اور کچھ زخمیوں کو گھوڑے پر بیٹھا کر لے گئے۔

اپنا نام صرف وحید بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ آدمیوں کو زمین پر پڑے ہوئے دیکھا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ مر چکے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button