این سی اے، نندیتا داس اور شعبہ فلم اینڈ ٹیلی ویژن

تحریر : احمد نوید
نیشنل کالج آف آرٹس کا فلم اینڈ ٹی وی ڈیپارٹمنٹ سینمائی فنون میں ایک عظیم شعبے کے طور پر اپنی شہرت رکھتا ہے۔ اپنے طویل اور کامیاب سفر کے ساتھ، یہ ڈیپارٹمنٹ فلم اینڈ ٹیلی ویژن کی دنیا میں بیشمار بہترین لکھاریوں، ہدایت کاروں اور تخلیقی ماہرین کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر چکا ہے۔ این سی اے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈیپارٹمنٹ نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بے شمار باصلاحیت پروفیشنل پیدا کیے ہیں، جو ٹیلی ویژن اور فلمی صنعت میں اپنے انمٹ نقوش چھوڑ چکے ہیں۔
آج کل نیشنل کالج آف آرٹس میں 150سالہ تقریبات جاری ہیں۔ جو پورا سال جاری رہیں گی۔ نیشنل کالج آف آرٹس 1875 ء میں قائم ہوا اور ہمیشہ تخلیقی جدت کا مرکز رہا ۔ فلم این ڈٹیلی ویژن ڈیپارٹمنٹ کا قیام 2000ء کی دہائی کے اوائل میں ہوا اور یہ جلد ہی پاکستان کے معروف فلم اینڈ ٹی وی کے شعبوں میں شمار ہونے لگا۔ اس کے نصاب کو تکنیکی مہارتوں اور فنون لطیفہ کی دور حاضر کی ضرورتوں کے عین مطابق تیار کیا گیا ہے، تاکہ طلبہ کو فلم اینڈ ٹی وی کے ہر شعبے میں مہارت حاصل ہو سکے۔ یہ ڈیپارٹمنٹ کہانی، سینماٹوگرافی، ایڈیٹنگ، اور ہدایت کاری جیسے تکنیکی شعبوں پر زور دیتا ہے۔ این سی اے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن کے شعبے کے بانیوں میں محترمہ شیریں پاشا، وجیہہ رضا اور کئی اہم ترین نام شامل ہیں۔ فلم اینڈ ٹیلی ویژن کا شعبہ موجودہ ڈین ماجد سعید خان اور ہیڈ توصیف زین العابدین سمیت بے شمار نہایت قابل استاد وںسے سجا ہوا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری اس کارواں کے روح رواں ہیں۔
این سی اے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈیپارٹمنٹ نے کئی باصلاحیت فارغ التحصیل طلباء پیدا کیے ہیں، جو فلم، ٹی وی اور دیگر بصری میڈیا کی دنیا میں کامیاب کیریئر بنا چکے ہیں۔ این سی اے کے کئی گریجویٹس نے ہدایت کاری، پروڈیوسنگ، اور سینماٹوگرافی میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔ این سی اے ایف ٹی وی کے طلبہ نے عالمی فلمی میلوں میںبیشمار ایوارڈ جیتے ہیں۔ این سی اے کا یہ عزم کہ وہ تخلیقی کہانیاں بیان کرنے والے نئے ہنر مند تخلیق کارپیدا کرے، اسے پاکستانی سینما اور دنیا بھر میں ایک اہم اور ممتاز مقام دیتا ہے۔ اس ڈیپارٹمنٹ کی اثرات صرف پاکستان تک محدود نہیں ہیں۔ حالیہ برسوں میں، این سی اے کے فلم اینڈ ٹی وی ڈیپارٹمنٹ نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی شہرت حاصل کی ہے۔ اس کی ایک نمایاں مثال معروف بھارتی اداکارہ اور فلم ساز نندیتا داس کی این سی اے آمد تھی۔ نندیتا داس بھارتی سینما میں اپنے طاقتور کرداروں اور منفرد ہدایت کاری کی بدولت مشہور ہیں۔ ان کی آمد اس بات کا ثبوت تھی کہ این سی اے کا فلم اینڈ ٹی وی ڈیپارٹمنٹ عالمی سینما برادری میں اپنا مقام بنا چکا ہے اور یہ پاکستانی اور عالمی فلم سازوں کے درمیان بات چیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ معروف ایرانی ہدایت کار ماجد مجیدی، معروف انڈین اداکار نصیر الدین شاہ اور انگنت یورپین معروف لکھاری اور ہدایت کار شعبہ فلم اینڈ ٹیلی ویژن کے مہمان بن چکے ہیں۔ ان طویل ناموں کی فہرست میں نندیتا داس کا نام بھی شامل ہو چکا ہے۔
نندیتا داس کا این سی اے کا دورہ این سی اے کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایک یادگار موقع تھا۔ ایک مشہور بھارتی فلم ساز ہونے کے ناطے، ان کی موجودگی نے طلبہ کو ایک منفرد موقع فراہم کیا کہ وہ کسی ایسی شخصیت سے بات کر سکیں، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جا تا ہے۔ نندیتا داس نے این سی آمد پر اداکاری ، ہدایت کاری اور اپنی زندگی پر گفتگو کی۔
نندیتا داس نے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ انہیں اداکاری اور بطور لکھاری سے زیادہ ہدایت کاری کرنے میں مزہ آتا ہے، کیوں کہ ہدایت کاری میں تمام چیزوں کی جھلک نظر آتی ہے۔ نندیتا داس نے اپنے کیریئر پر ہونے والے سیشن میں بتایا کہ ان کا تعلق روشن خیال گھرانے سے تھا، سوشیالوجی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مسائل کی نشاندہی کے لیے اسٹریٹ تھیٹر میں کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسائل کو سامنے لانا چاہتی تھیں۔ پھر انہیں ’ فائر‘ فلم میں کام کی پیش کش ہوئی، انہوں نے کہانی پڑھ کر اس میں کام کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ’ ارتھ‘ اور ’ فائر‘ سمیت دیگر فلموں کی اچھی فلمیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی فلم میں کام کرنے کے لیے کردار نہیں بلکہ کہانی دیکھتی ہیں۔
فیض فیسٹیول میں شرکت کے لیے نندیتا داس کچھ دن قبل لاہور پہنچی تھیں، وہ اس سے قبل بھی پاکستان آ چکی ہیں۔ نندیتا داس نے فیض فیسٹیول میں شرکت کے لیے لاہور آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ 5سال بعد پاکستان جا رہی ہیں۔ نندیتا داس پہلی بار 1996ء میں پاکستان آئی تھیں، اس کے بعد بھی وہ متعدد ادبی فیسٹیولز میں شرکت کے لیے پاکستان آتی رہی ہیں۔ نندیتا داس کو ان کی فلموں اور مختلف کرداروں کی وجہ سے پاکستان میں بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔
این سی اے کا فلم اینڈ ٹی وی ڈیپارٹمنٹ تبدیل ہوتے میڈیا اور عالمی تفریحی منظر نامے کے مطابق اپنی ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اسٹریمنگ سروسز اور نئی ٹیکنالوجیز کی بڑھتی اہمیت کے پیش نظر، یہ ڈیپارٹمنٹ اپنے طلبہ کو اس نئے دور میں کامیاب ہونے کے لیے تیار کر رہا ہے۔ یہاں سے جو طلبہ پاس ہوکر نکلتے ہیں۔ ان کی فلمیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔