Editorial

دشمنوں کو ہمیشہ شکست ہوگی

پاکستان ظاہر و پوشیدہ دشمنوں کو بُری طرح کھٹک رہا ہے۔ دشمن ابتدا سے ہی وطن عزیز کو تباہ و برباد کرنے کے درپے ہیں، لیکن ہر بار ہی انہیں ہماری بہادر افواج دھول چٹاتی آئی ہیں اور آئندہ بھی ان کو منہ توڑ جواب ملتے رہیں گے۔ دشمن نے اپنے جاسوسوں کے ذریعے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کروائیں۔ بلوچستان کے بعض کچے ذہنوں کو ملک و قوم کے خلاف بھڑکایا۔ اس کے لیے دشمن بھاری بھر کم رقوم خرچ کرتا ہے۔ اس کے لیے وطن کے اندر اسے زرخرید غلاموں کی خدمات میسر ہیں، جو ملک و قوم کے خلاف زہریلے پروپیگنڈوں میں مصروف رہتے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی محرومی کے نام پر اُن کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہیں۔ اُنہیں ملک و قوم کے خلاف اُکساتے اور بے گناہ لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے پر آمادہ کرتے ہیں، اُن کی زندگیوں کا خاتمہ کیا جاتا ہے۔ کتنے ہی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ مذموم مہمات چلائی جاتی ہیں۔ پس ماندہ صوبے کی محرومی کو جواز بناکر بغاوت کو ہوا دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پاک افواج شروع سے ہی ایسی مذموم کوششوں کے خلاف موثر اقدامات کرتی چلی آئی ہے۔ بھارت کے حاضر سروس ایجنٹ کلبھوشن یادیو نے کھل کر پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کرچکا ہے۔ اب بھی دشمن کی جانب سے مذموم کارروائیاں جاری ہیں۔ ایسی ہی بھونڈی کوشش گزشتہ روز کی گئی، جسے ملک کے عظیم سپوتوں نے اپنی زندگیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے ناکام بناتے ہوئے 23دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ ملک و قوم کی خاطر 18جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جب کہ مقابلے میں ایف سی کے 18بہادر جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی دہشت گردوں کے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی، کارروائی کے دوران 12دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ منگوچر آپریشن میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے ایف سی کے 18جوان شہید ہوگئے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31جنوری اور یکم فروری کی رات دہشت گردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری متحرک ہوئے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، دشمن قوتوں کی ایماء پر دہشت گردی کا مقصد بلوچستان کا پُرامن ماحول خراب کرنا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ گھنائونے، بزدلانہ فعل کے مرتکب اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لاءیں گے، قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس
آپریشن کیا گیا، جس میں مزید 11دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ دریں اثناء دورہ بلوچستان کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نام نہاد دوست نما دشمن کچھ بھی کریں، ان کو شکست ضرور ملے گی، دشمنوں کو قوم اور مسلح افواج کی قوت سے شکست ہوگی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا اور انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس میں سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور ملک کے دفاع کیلئے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نام نہاد دوست نما دشمن کچھ بھی کریں ان کو شکست ضرور ملے گی، دشمنوں کو قوم اور مسلح افواج کی قوت سے شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے غیر ملکی آقائوں کے ایجنٹ بن کر دُہری پالیسیوں کی پیروی کرنے والوں سے آگاہ ہیں، وطن کے دفاع کیلئے جب بھی ضرورت پڑی ہم جوابی کارروائی کریں گے اور دفاع وطن کیلئے جب بھی ضرورت پڑی، یہ لوگ جہاں کہیں بھی ہوں ان کا پیچھا کیا جائے گا، یہ ہماری قوم اور مسلح افواج کی ثابت قدمی سے ضرور شکست کھائیں گے۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے امن اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔23 دہشت گردوں کی ہلاکت بڑی کامیابی ہے۔ 18شہید جوانوں کا قوم پر قرض ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ ان کی شہادت پر پوری قوم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ سیکیورٹی فورسز ان ناسوروں کے خاتمے کے لیے مصروفِ عمل ہیں اور ان شاء اللہ وطن عزیز ان کے ناپاک وجود سے جلد پاک ہوگا اور امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگی۔ آرمی چیف کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ دشمنوں کو قوم اور مسلح افواج کی ثابت قدمی سے ضرور شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ دشمن ہمیشہ نامُراد و ناکام رہے گا۔ اُس کو ہر بار منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس کی ہر سازش اُس کے لیے باعثِ ہزیمت ہوگی۔ پاکستان کو دُنیا کی بہترین افواج کا ساتھ میسر ہے۔ ارض پاک تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ ترقی اور کامیابی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہوگا۔
پنجاب: زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح
پنجاب میں جب سے مریم نواز شریف کی حکومت قائم ہوئی ہے، ترقی و خوش حالی کا سفر زور شور سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز صوبے اور اُس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تندہی کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔ اُنہیں وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالے سال بھی پورا نہیں ہوا، لیکن اُنہوں نے وہ وہ خدمات سرانجام دے ڈالی ہیں کہ جس پر بدترین مخالفین بھی اُن کی تعریف پر مجبور ہوچکے ہیں۔ مریم نواز عوام کا درد محسوس کرتی ہیں اور اُن کی بہتری کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ کئی بڑے منصوبے اُن کے مختصر دور میں سامنے آچکے ہیں۔ کسانوں کی بہتری کے لیے بھی وہ پُرعزم ہیں اور کاشت کاروں کے لیے مسلسل اقدامات یقینی بنارہی ہیں۔ گزشتہ روز کاشت کاروں کی آسانی کے لیے اُن کی جانب سے عظیم منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پروجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں 8ہزار زرعی ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا، جس میں پہلا نام اٹک کے محمد نواز کا نکلا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلع نارووال کے کامیاب کاشتکاروں کی فہرست بھی چیک کی۔ عام کاشتکار کو سولر ٹیوب ویل سے یومیہ 10ہزار سے زائد اور ماہانہ 3.25لاکھ روپے سے زیادہ کی بچت ہوگی۔ حکومت پنجاب 10کلوواٹ کے سولر سسٹم پر 5لاکھ، 15کلوواٹ پر 7.5لاکھ، اور 20کلوواٹ پر 10 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔ قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار اپنے ضلع کے وینڈر کا انتخاب کرکے سولر سسٹم لگوا سکیں گے۔ اس منصوبے کے لیے 5لاکھ 30ہزار سے زائد کاشتکاروں نے درخواست دی، جن میں سے 3لاکھ 85ہزار کاشتکار قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پاءے۔87فیصد ڈیزل اور 13فیصد بجلی پر چلنے والے زرعی ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلے مرحلے میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ زرعی پیداوار کی لاگت میں نمایاں کمی لائے گا اور کاشتکاری میں انقلاب برپا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ، ایگری میکانائزیشن اور انٹرن شپ جیسے منصوبے کاشتکاروں کی زندگی میں بہتری لا رہے ہیں اور سولرائزیشن کا یہ منصوبہ بھی زراعت میں ترقی کا نیا باب ثابت ہوگا۔ بلاشبہ یہ پروجیکٹ انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ اس سے ناصرف بجلی کی بچت ہوگی، کاشت کاروں پر سے بھاری بار کم ہوگا بلکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے کو نیک نیتی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button