شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہو گا

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 23 واں سربراہی آج (منگل) سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 2 روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کی صدارت وزیراعظم محمد شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تنظیم کے رکن ممالک روس، بیلاروس، قازقستان،کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
منگولیا کے وزیراعظم مبصر ریاست کے طور پر اورترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ بھی خصوصی مہمان کی حیثیت میں شرکت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف اجلاس کے موقع پر دورے پرآئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چین کے وزیراعظم لی چیانگ ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے تھے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ پاکستان پر خوشی ہوئی، جہاز سے اترا تو مجھے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا، ایس سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔
بھارت نے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
سبرامنیم جے شنکر دورہ اسلام آباد میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے، 9 سال میں بھارت کی کسی اعلیٰ شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔