دنیا
وزیرِ خارجہ جےشنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان جائیں گے: انڈین وزارتِ خارجہ

انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے وزیرِ خارجہ جےشنکر پاکستان میں رواں مہینے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد جائیں گے۔
جمعے کو ایک پریس بریفنگ کے دوران انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’وزیرِ خارجہ (جےشنکر) پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہمارے وفد کی قیادت کریں گے جس کا انعقاد 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔‘
خیال رہے انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سنہ 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد کوئی بھی انڈین وزیر پاکستان کے دورے پر نہیں آیا ہے۔