لبنان: پیجر دھماکے میں ایرانی سفیر ایک آنکھ سے محروم، دوسری آنکھ شدید متاثر

لبنان میں پیجر دھماکے میں زخمی ہونے والے ایرانی سفیر ایک آنکھ سے محروم ہو گئے۔
گزشتہ روز بیروت میں ہونے والے پیجرز دھماکوں میں لبنان کے وزیر کے بیٹے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
پیجر دھماکے میں لبنان میں تعینات ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے تھے اور اس حوالے سے ایرانی میڈیا نے بتایا تھا کہ مجتبیٰ امانی معمولی زخمی ہیں، انہیں طبی امداد کے لیے بیروت کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایرانی سفارتخانے کے مزید 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں
اب امریکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیجر دھماکے میں زخمی ہونے والے ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی ایک آنکھ سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ایرانی سفیر کی دوسری آنکھ بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سفیر کو علاج کیلئے تہران منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی سفارتخانے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سفیر مجتبیٰ امانی کا علاج معالجہ جاری ہے اور ان کی صحت اور بینائی سے متعلق افواہوں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیجر دھماکے میں بڑی تعداد میں حزب اللہ ممبران کی آنکھیں ضائع ہوئی ہیں