سیاسیات

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق مشاورت کا امکان

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی سے متعلق مشاورت کا امکان ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع ہوگیا، وفاقی کابینہ 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی، جب کہ کابینہ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی پرپابندی پر مشاورت کا امکان ہے۔

کابینہ اجلاس میں سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری پر غور ہوگا، دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو ویزا فری داخلہ دینے کی سمری بھی زیر بحث آئے گی۔

اجلاس میں پائیدار ترقیاتی منصوبہ جات کےلیے پاکستان ڈنمارک میں ایم او یو پر دستخط کی منظوری ہوگی، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

اس کے علاوہ، نجکاری کمیشن کے بورڈ کے اراکین کی تعداد میں اضافے کی سمری پر غور ہوگا، جب کہ 22-2021 اور 23-2022 کے لیے پالیسیوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کابینہ کو پیش ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ اجلاس جس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر غور متوقع تھا، وزیر اعظم کے ’مصروف شیڈول‘ کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ سے سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری کے لیے کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پہلے ہی آئین کی خلاف ورزی کے الزام میں پی ٹی آئی پر سیاست سے پابندی لگانے اور اس کے رہنما کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی 2014 سے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور مختلف مواقع پر خاص طور پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف مظاہروں کے دوران ہونے والی متعدد ہلاکتوں کی ذمہ دار ہے۔

جواب دیں

Back to top button