ایشیا کا کونسا شہر دنیا میں سیاحوں کیلئے سب سے محفوظ قرار دیا گیا؟

اگر آپ بیرون ملک سیاحت کرتے ہوئے خود کو ہر طرح سے محفوظ تصور کرنا چاہتے ہیں تو ایک ایشیائی شہر اس حوالے سے آپ کو ضرور پسند آئے گا۔
جی ہاں سنگاپور کو دنیا میں سیاحوں کے لیے سب سے محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے۔
فوربز ایڈوائزر کی ایک نئی تحقیق میں جرائم، طبی سہولیات کے معیار، قدرتی آفات کے خطرات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھ کر شہروں کو 0 سے 100 اسکور دیے گئے۔
سب سے زیادہ خطرناک شہر کو 100 جبکہ محفوظ ترین شہر کو 0 اسکور ملا۔
60 شہروں کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد سنگاپور کو 0 اسکور دیا گیا جہاں قدرتی آفات کا خطرہ سب سے کم ہے جبکہ وہاں صحت، جرائم اور دیگر خطرات کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔
سنگاپور کے بعد ٹوکیو اور ٹورنٹو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر سیاحوں کے لیے محفوظ ترین شہر قرار دیے گئے
سڈنی (آسٹریلیا)، زیورخ (سوئٹزر لینڈ)، کوپن ہیگن (ڈنمارک)، سیئول (جنوبی کوریا)، اوساکا (جاپان) اور میلبرن اس فہرست میں بالترتیب 4 سے 10 ویں نمبر پر رہے۔
دنیا کے جس واحد شہر نے 100 اسکور حاصل کیا وہ وینزویلا کا دارالحکومت کاراکاس ہے جسے سیاحوں کے لیے دنیا میں سب سے خطرناک شہر قرار دیا گیا۔
حیران کن طور پر اس تحقیق میں کراچی کو سیاحوں کے لیے دوسرا خطرناک ترین شہر قرار دیا گیا جہاں ذاتی سکیورٹی کو سب سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
میانمار کا شہر Yangon تیسرے نمبر پر رہا جبکہ نائیجریا کا شہر لاگوس چوتھے، فلپائنی دارالحکومت منیلا 5 ویں اور بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکا چھٹے نمبر پر رہا۔