سپیشل رپورٹ

21 سے 27 مئی تک شدید ہیٹ ویو، پاکستان کے کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور 21 سے 27 مئی تک سنگین ہیٹ ویو اور اس کے خطرات کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاکستان بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان پہنچ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت نے ہیٹ ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کی شدید لہر سے خطرات ہو سکتے ہیں۔

ایڈوائزری کے مطابق بہاولپو، رحیم یارخان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید  ہو سکتی ہے

پی ڈی ایم اے نے تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کرنے اور اسے بچاؤ سے متعلق تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تمام محکمے مل کر اور باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کریں۔

دوسری جانب سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرمی کا راج برقرار ہے، 10 روز کے دوران شدید گرمی کی لہر ملک کے بیشتر مقامات پر اثرانداز رہے گی۔

گرمی کی لہر سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں کو متاثر کرے گی۔ اس دوران درجہِ حرارت 49 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ نجی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے بہتر رہے گا، درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز دادو 48 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا جبکہ نواب شاہ، سکھر اور ڈیرہ غازی خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سبی میں 46، حیدرآباد، سرگودھا اور ساہیوال 45 ، فیصل آباد اور ملتان 44، تربت اور نوکنڈی میں 42 ڈگری جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button