سیاسیات

پیپلز پارٹی کا ن لیگ کو انتباہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے کسانوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں پر ن لیگ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل حل نہ کیے تو حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی۔

ن لیگ کی وفاقی اور پنجاب میں حکومت کو گندم خریداری معاملے پر کسانوں کے احتجاج کا سامنا ہے جس پر صوبائی حکومت کا کسانوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے سخت موقف اپنایا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نئیر بخاری نے اپنے بیان میں کسانوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو زیادتی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کسانوں کا موقف سننے کیلیے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔ اگر انہیں سہولتیں نہ دیں تو غریب بھوکا مر جائے گا۔

نئیر بخاری نے کہا کہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے سپورٹ پرائس بڑھا دی تھی۔ اب اگر حکومت گندم نہیں خریدے گی اور کسانوں کو مقررہ قیمت نہ ملی تو وہ اگلے سیزن میں گندم کاشت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کے پاس پیسے نہیں ہوں گے تو وہ کاشت کیسے کرے گا۔ دوسری جانب ہمارے پاس ڈالرز نہیں تو گندم کہاں سے امپورٹ کریں گے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہمیں عوامی مفاد کو ترجیح دینی ہے اور پیپلز پارٹی عوام کے مفاد کو ترجیح دے گی۔ عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے تو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں اور عوامی مسائل حل نہ کرنے پر یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔

نئیر بخاری نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب اس بات کی تحقیقات کریں کہ بمپر فصل کے باوجود گندم کیوں امپورٹ کی گئی۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاق میں ن لیگ حکومت کی حمایت کی ہے مگر حکومت میں تاحال شامل نہیں ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button