Column

ضمنی انتخاب

تحریر : امتیاز افضل
گزشتہ اتوار کو ملک بھر میں حالیہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ( ن) کی قیادت اور امیدواروں پر وطن عزیز کے عوام نے ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت میں ووٹ دے کر کامیاب کرایا ہے، تاہم انتخابی مہم کے دوران عوام کو مسلم لیگ ( ن) کے امیدواروں نے یقین دلایا تھا کہ کامیاب ہو کر ان کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ پوری دیانتداری اور محنت سے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ تاہم اگر دیکھا جائے تو ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے امیدواروں کی کامیابی سے ملکی معیشت کی بحالی سمیت مہنگائی میں کمی اور ملکی خارجہ تعلقات کی بہتری کے حوالے سے حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے۔ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہورہی ہے۔ اسی حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں، خبر رساں اداروں اور سرویز میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ تاہم آٹھ فروری کے بعد اپوزیشن کے غیر سیاسی رویوں نے بھی ان کے حامیوں اور عوام کو مایوس کیا ہے۔ تاہم ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، جمہوری نظام کی سیاست کا یہ حسن ہے کہ ہارنے والے امیدوار کو بھی اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے اور عوام کی راہی کی قدر کرتے ہوئے ان کے چنے ہوئے نمائندوں کو خدمت کا موقع دیا جائے ، اس حوالے سے الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے۔ انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ ( ن) کے منتخب ہونے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ( ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ( ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت پوری دیانتداری اور محنت سے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن) کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے، باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور و آگاہی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جان چکے ہیں کہ ان کی ترقی کیلئے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت ضروری ہے، قوم کی ترقی اور عوام کی خدمت صرف مسلم لیگ ( ن) کا شعار ہے، پنجاب کو آگے لیکر جائیں گے، ترقی کا سفر ہر روز تیز تر ہوگا، پاکستان مسلم لیگ ( ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ ( ن) کو بھرپور اعتماد سے نوازا، ہم کام کرینگے اور کرتے رہیں گے، ہمارا کام بولے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ پولیس اور دیگر اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا ہے۔ ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے نفرت و انتشار کی سیاست اور پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ ( ن) پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں، واضح برتری ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ ( ن) کی قیادت پر بھرپور عوامی اعتماد کا اظہار ہیں، ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ ( ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے۔، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں، انہوں نے جیل میں بیٹھ کر ملک اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کیں، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، دوست ممالک کے خلاف بیانات دیئے، ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے، آج جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ملک کے حالات بہتر ہوں گے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم اس پر پورا اتریں گے، ملک کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، معاشی مسائل حل کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن) کو ووٹ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ آج انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا، مسلم لیگ ( ن) کو واضح برتری ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
یہ امر حقیقی ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی اصلاحات سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے، آج معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، حکومت نے مہنگائی میں کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل کے حل کے ذریعے جن پالیسیوں اور عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ( ن) کی قیادت اور امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شب و روز محنت سے کرنے والے کام سب کو نظر آ رہے ہیں، ضمنی انتخابات کی ہر نشست پر مسلم لیگ ( ن) کی واضح برتری وفاق اور پنجاب کے اندر مسلم لیگ ( ن) کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button