سپورٹس

مشتعل فین نےسعودی فٹبال لیگ کے سٹار فٹبالر کو سٹیڈیم میں کوڑے مار دیئے٬ ویڈیو

سعودی فٹبال لیگ میں دوران میچ ایک کھلاڑی کو کوڑے مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملک کی فٹبال فیڈریشن نے شائقین پر لاگو ہونے والے قوائد و ضوابط پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔

جدہ میں قائم اتحاد فٹبال کلب کے کھلاڑی کو کوڑے پڑنے کا واقعہ ابو ظہبی میں ہوا جہاں سعودی سپر کپ کے فائنل میچ میں اتحاد کو الہلال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس ہار کے بعد فیلڈ کے قریب کھڑے ایک مشتعل شخص نے اتحاد کے کھلاڑی کو کوڑے مارنا شروع کر دیے تھے۔

بظاہر فٹبالر عبدالرزاق حمد اللہ نے ایک فین پر پانی پھینکا تھا۔ اس کے بعد فین نے مشتعل ہو کر کھلاڑی پر کوڑے سے ضربیں لگائیں۔
مراکش سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر حمد اللہ نے اپنی ٹیم کے لیے ایک گول کیا تھا تاہم ان کی ٹیم چار ایک سے ہار گئی تھی۔ وہ اس سے قبل ایک پینلٹی گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ایف اے ایف ایف نے کہا کہ ’سعودی عرب میں فٹبال ایک فیملی گیم ہے۔ شکر ہے کہ شائقین کی طرف بدتمیزی بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس نام نہاد فین کے اقدام سعودی فٹبال کی عکاسی نہیں کرتے۔ ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔‘

’شائقین کے قوائد و ضوابط پر نظر ثانی ہو گی۔ اس کے نتیجے میں قوانین میں تجدید ہوگی تاکہ جرمانے کرنے سے ایسے واقعات روکے جاسکیں۔‘

اس واقعے کے بعد گراؤنڈ میں موجود عملے نے حمد اللہ کو جوابی اقدام سے روک لیا تھا۔ اتحاد کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی روکا گیا جنھوں نے شائقین کی کرسیوں کی جانب چڑھنے کی کوشش کی تھی۔

دوسری طرف ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل فین کو سکیورٹی اہلکار اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ اتحاد نے تاحال اس واقعے پر ردعمل نہیں دیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button