سپیشل رپورٹ

احد چیمہ کے بچوں کی فیس معاف کرنے پر پرنسپل ایچی سن کالج نے استعفیٰ دیدیا

وفاقی وزیر احد چیمہ کے بچوں کی فیس معاف کرنے پر ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے استعفیٰ دیے دیا۔ 

ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے یکم اپریل کو عہدہ چھوڑنے کے لیے اسٹاف کو آگاہ کر دیا۔

مائیکل اے تھامسن نے اسٹاف کے نام خط میں لکھا کہ میں نے اب تک ایچی سن کالج چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیا تھا مگر اب میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

خط کے متن کے مطابق بطور پرنسپل میں نے ہمیشہ اسکول کی ساکھ کی حفاظت کی، کچھ لوگوں کو ترجیح دینے کے لیے پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا۔

مائیکل اے تھامسن نے کہا کہ یکم اپریل کے بعد مینجمنٹ اور داخلوں کے حوالے سے میں کوئی کردار ادا نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ احد چیمہ کی اہلیہ نے فیس معافی کے لیے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کو درخواست دی تھی۔

گورنر پنجاب نے حکم نامے میں کہا کہ شنوائی کے بعد احد چیمہ کے دونوں بچوں کی 3 سال کی فیس معاف کی گئی، ایچی سن کالج میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے والدین کے بچے داخلہ لیتے ہیں، رخصت کے دوران تمام والدین بچوں کے دو اسکولوں کی فیس ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

 حکم نامے میں کہا گیا کہ ایسی صورت میں والدین کا مکمل حق ہے کہ بچوں کی فیس معافی کا مطالبہ کریں، گورنر پنجاب نے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ کے بچوں کی فیس معاف کی۔

حکم نامے کے مطابق ایچی سن کالج کے پرنسپل نے منظور شدہ چھٹی کے دورانیے کے بعد اسکول جوائن نہ کرنے پر احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ بھی کینسل کیا تھا، گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کر دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button