Column

ایک قیدی دو مہمان جانئے کیا ماجرا ہے

تحریر : نذیر احمد سندھو
اندر کی خبریں بعد میں پہلے باہر کی۔ آپ نے یاد دلایا تو مجھے یاد آیا۔ خاور مانیکا کو 6سال بعد یاد آیا کہ ان کی سابق زوجہ محترمہ نے دوران عدت ہی نکاح کر لیا تھا۔ منکوحہ نے جس مرد قلندر سے نکاح مسنونہ کیا تھا وہ چند ماہ بعد ہی ملک کا وزیر اعظم بن گیا اور آج کل زیر عتاب ہے اور عتابی تمام مقدمات کے تانے بانے موصوفہ سے ملتے ہیں۔ توشہ خانہ کی تمام خریداری کی خبری خبر دیتے ہیں موصوفہ نے کی، البتہ پاسپورٹ مرد قلندر کا استعمال ہوا اور وزیر اعظم کے ملٹری سیکرٹری ہمراہ تھے۔ مردِ قلندر بہت سی تاویلیں دے چکے ہیں جیسے گھڑی بیچ کر سڑک بنائی وغیرہ وغیرہ مگر جس طرح عمران خان کے خلاف دو صد مقدمات مشکوک ہیں اسی طرح ان کی تاویل بھی پاک صاف نہیں۔ ہر شُب کام میں زلفی بخاری، بشریٰ بیگم اور فرح گوگی کا نام ہی کیوں البتہ القادر ٹرسٹ میں بابر اعوان عرف زرداری کے وزیر قانون کی حاضری بھی ملتی ہے۔ قارئین! جن دنوں خان صاحب کے خلاف توشہ خانہ کی باز گشت میڈیا پر سنی جاتی تھی ایک انڈین صحافی نے بھارتی وزیر اعظم مودی سے سوال کیا آپ نے بھی توشہ خانہ سے کبھی کچھ خریداری کی تو محترم فرمانے لگے مجھے معلوم ہی نہیں توشہ خانہ کا دروازہ کدھر ہے جو کچھ کسی بھی ملک سے ملتا ہے سیکرٹری توشہ خانہ میں جمع کرا دیتے ہیں اور انڈیا میں ہر سال توشہ خانہ کے تحائف کی نیلامی ہوتی ہے جس کی کم سے کم قیمت مارکیٹ ریٹ سے زیادہ مقرر کی جاتی ہے اور بولی دہندگان سرکاری قیمت سے زیادہ بولی دے کر خریدتے ہیں جس سے قومی خزانہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے اس دعوے کی اپوزیشن نے تردید نہیں کی لہذا ہر ہندوستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا خان صاحب یہ اعزاز ہم پاکستانیوں کو بھی ملنا چاہیے تھا۔
مگر ہمارے نصیب ایسے کہاں۔ یہ موقف نواز شریف ، مریم نواز،آصف زرداری اور دیگراں بہت کچھ لے اڑے وہ بھی اٹھا کر لے گئے جن کی قانون میں اجازت ہی نہیں تھی کاریں وغیرہ اور وہ بھی صرف 15%ادا کرکے جبکہ خان صاحب نے50%ادا کیا، نہیں نہیں یہ دلیل قابل قبول نہیں۔ محترم خان صاحب ان صاحبان کی وکٹ ہی کرپشن تھی اور ہے، وہ کرپشن ہی کریں گے خان صاحب آپ کی تو وکٹ دیانت ہے صداقت ہے، امانت ہے آپ کو تو پتہ ہی نہیں ہونا چاہیے تھا توشہ خانہ کا دروازہ کس طرف ہے۔ آپ کا موازنہ دیانتدار اور ایماندار حکمرا نوں سے ہونا چاہیے تھا۔ آج کل ملک ریاض کے انٹرویو کے بڑے چرچے ہیں، ہیرے جواہرات اور ایک ارب نقد بشریٰ بی بی کو ادائیگی کی خبریں اڑائی جا رہی ہیں، ویسے تو کسی انٹرویو کی کوئی حیثیت نہیں مگر زیر پریشر لئے گے انٹرویو کو کون مانے گا خان کے خلاف خان خود بھی کہے تو لوگ نہیں مانیں گے تو پھر یہ آڈیو ویڈیو انٹرویو کیوں ریکارڈ کئے جاتے ہیں وہ جھوٹ جو پکڑا جائے اسے بولنے کی کیا ضرورت۔ عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ اور اس جاگیردار کے کارنامے سب گوگی اور بشریٰ سے منسلک تو ضرور ہیں مگر ووٹرز پھر بھی نہیں مانتے خان بزدار کی ذلالتوں سے آگاہ تھا، ووٹرز گوگی اور بشریٰ کی دوستی کو مانتے ہیں مگر خان کے ہاتھوں کی صفائی صدقِ دل سے پیش کرتے ہیں ۔
اب اندر کی خبر جو خبری بتاتے ہیں۔ اڈیالہ جیل میں خان کے ساتھ شاہ محمود قریشی اور چودھری پرویز الٰہی بھی بند ہیں اور ان کی بندش اور خان کی بندش میں فرق ہے قریشی اور پرویز الٰہی کو وہ تمام سہولیات حاصل ہیں جو انہیں درکار ہیں، عدالت میں پیشی کے دوران قریشی کے استری شدہ کپڑے اور دھمکتا چہرہ میل ملاپ کی غمازی کرتا ہے جبکہ پیشی والے دن چودھری پرویز الٰہی کا میک اپ ذرا مظلوموں والا بنایا ہوتا ہے۔ اور اسے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لیے قابل قبول بنانے کی کوشش ہو تی ہے، ماضی میں زرداری کو جعلی جیل اور جعلی زبان کا کٹائو جیسے ڈرامے سٹیج پر ہو چکے، سوشل میڈیا اس وقت نہیں تھا ورنہ سارے پردے پھٹ چکے ہوتے۔ قریشی وزیر اعظم اور پرویز الٰہی چیف منسٹر پنجاب کے امیدوار، آسان نسخہ شفاف الیکشن حکومت پی ٹی آئی کی مگر عمران ایوان سے باہر مگر مانے گا کون بات تو عوامی قبولیت کی ہے۔ عمران خان کی قبولیت ہینڈلر کو نہیں اور کسی کی قبولیت عوام کو نہیں۔ آج کل شیر افضل ایڈووکیٹ کے بڑے چرچے ہیں، دیر میں بڑا جلسہ ہوا، کرک میں اس سے بھی بڑے جلسے کی نوید مگر یہ سب رونقیں عمران کے نام، عمران کے دم سے ہیں، کسی مروت کو کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے، عمران نے سیڑھی کھینچ لی تو پڑوسی بھی پہچانیں گے نہیں۔ شیر افضل دبنگ طریقے سے خیبر پختونخوا میں سیاسی کھیل کھیل رہا ہے اور جلسے پہ جلسہ کر رہا ہے، کیا کھیل رہا ہے یا کھلایا جا رہا ہے، ابھی واضح نہیں مگر زیادہ دیر چلمن برقرار نہیں رہے گی۔ مقدمات بھی بن رہے ہیں مگر گرفتاری نہیں ہو رہی کافی چھوٹ دے رکھی ہے۔ خان کو جیل میں علم ہو گا کافی با خبر ہیں، کھیل رہا ہے یا کھلایا جا رہا ہے مگر یہ طے ہے پی ٹی آئی کو فائدہ ہو رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button