
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلمان حکمرانوں کا کام غزہ کے مسلمانوں کو کھانا اور دوائی پہنچانا نہیں بلکہ مدد اور اسلحہ پہنچانا ہے۔
سراج الحق نے اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ مارچ کے شرکا کو حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کا پیغام سنایا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے خطاب میں اعلان کیا کہ 19 نومبر کو لاہور میں ملین مارچ کریں گے، اسلام آباد میں خوفزدہ حکمرانوں نے ہمارے کارکنوں پر لاٹھیاں برسائیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کس کو خوش کرنا چاہتے ہو؟
انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تو امریکی ترجمان نے ہمارے حکمرانوں سے رابطہ کیا، امریکا نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہم سفارت خانے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل جب تک ظلم بند نہیں کرتا تب تک احتجاج کرتے رہیں گے، ہمارے مسلمان حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی جبکہ ترکیہ صدر نے اسرائیل کو زبردست پیغام دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل نے قبضہ کیا ہوا ہے اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں نے اب امریکا کی طرف دیکھنا شروع کر دیا ہے، ان سے کہنا چاہتا ہوں آپ کا کام غزہ کے عوام کو بچانا ہے، دشمن کے ٹینکوں کا مقابلہ کرنا ہے۔