تازہ ترینخبریںپاکستان

سائفر کیس: جیل ٹرائل اور جج کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

سائفر کیس سننے والے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی تعیناتی اور جیل ٹرائل کے خلاف سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق سائفر کیس میں جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی تعیناتی درست قرار اور جیل ٹرائل کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ جیل ٹرائل کے خلاف خصوصی عدالت میں درخواست دائر کر سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے 27 جون 2023 کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی میں کوئی قانونی سقم نہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق جیل سماعت سابق وزیر اعظم کی زندگی کو درپیش خطرناک کے پیش نظر کی گئی، یہ کہنا درست نہیں کہ این او سی جاری کرتے ہوئے اختیارات کا غلط استعمال ہوا، مجسٹریٹ یا بہتر درجے کی عدالت کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت تعینات کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اے ٹی سی جج کو ذمہ داری سونپی جانا سیکشن 13 کے منافی نہیں، سابق وزیر اعظم کے جیل ٹرائل کی وجوہات حقیقی نوعیت کی ہیں، ان کو سکیورٹی خدشات درپیش ہیں، ملزم کا جیل ٹرائل کا فیصلہ بظاہر بدنیتی پر مبنی نہیں۔

تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار پہلے بھی سکیورٹی خدشات کا ذکر عدالت کے سامنے کرتے رہے، جیل ٹرائل کے خلاف درخواست میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے نمٹائی جاتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جیل ٹرائل تحفظات ہونے پر ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کا اپنا جیل ہوتا تو درخواست میں کی گئی بہت سی باتیں نہ کی جاتیں، وزارت داخلہ اسلام آباد کا جیل پراجیکٹ جلد از جلد شروع کرے۔

جواب دیں

Back to top button