
آل کراچی جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر محمد حسین قریشی نے بتایا کہ 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 2 ہزار 500 ہوگئی ہے، دکانوں پر خریداروں کی آمد کا رجحان بمشکل 25 فیصد رہ گیا ہے کیونکہ یوٹیلیٹی بلز اور روزمرہ کے گھریلو اخراجات پورے کرنے کے بعد جیولری اور سونے کی خریداری لوگوں کی فہرست میں سب سے آخر میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 فیصد خریداروں میں سے 10 فیصد خریدار کم قیمت والی اشیا مثلاً انگوٹھی اور چین کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ 15 فیصد خریدار اپنے پرانے زیورات لاتے ہیں اور انہیں نئے ڈیزائن میں تبدیل کروا لیتے ہیں حتیٰ کہ ان پرانے زیورات کے وزن پر سمجھوتہ بھی کرلیتے ہیں۔
محمد حسین قریشی نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ضروری اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بھاری یوٹیلیٹی بلز کی وجہ سے سونے کے زیورات کی فروخت میں گزشتہ ایک سال سے کمی کا رجحان ہے۔