
ایشیا کپ کے تیسرے اہم میچ میں قومی کرکٹ ٹیم اور بھارتی حریف آمنے سامنے ہیں جہاں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
جہان پاکستان کے مطابق انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی اور دلوں کی دھڑکنیں بڑھنے لگیں، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت آج پالی کیلے میں آمنے سامنے ہیں، اس ہائی وولٹیج میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں، بھارت صورتحال کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، اچھی پرفارمنس دیں گے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں اگر ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، جلدی وکٹیں لینے کی کوشش کرینگے۔
کپتان نے کہا کہ اندازہ ہے پاکستان اور بھارت میں سب کی نظریں میچ پر ہیں، پاک بھارت میچ ہمیشہ ہائی وولٹیج گیم ہوتا ہے۔
پاکستانی پلیئنگ الیون
اس بڑے معرکے کے لیے پاکستانی پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کردیا گیا تھا جس کے مطابق ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فخر زمان ، امام الحق ، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں۔
بھارت پلئینگ الیون
بھارت کی فائنل الیون میں کپتان روہت شرما، ویراٹ کوہلی، ایشان کشن، شبھمن گل، شریاس ایئر، ہاردک پانڈیا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جسپریت بمراہ، سراج، شاردل ٹھاکر،کلدیپ یادو، جدیجہ بھی بھارت کی پلئینگ الیون میں شامل ہیں