
قومی وطن پارٹی کی صوبائی وائس چیئرمین ڈاکٹر فائزہ رشید نے بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود مختلف ٹیکسز لگاکر بلوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے،
مہنگائی اور بلوں میں ہوشربا اضافے سے ہر شہری پریشان ہے حکومت کا کام محض ٹیکس لگاکر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا نہیں بلکہ ان کو صحت،تعلیم امن سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات دینابھی فرض ہے مگر حکومت کا سارا زور مختلف ٹیکس لگاکر عوام کی زندگی اجیرن بنانا ہے
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ عوام اور تاجر اب بھاری بل ادا نہیں کریں گے حکومت بھاری ٹیکس اور بجلی بلوں میں آئے روز اضافہ کرکے عوام،تاجروں اورصنعت کاروں کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہی ہےآئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالرقرضہ لینے کی ظالمانہ شرائط کو قبول کرکے ملک و قوم کو گروی رکھ دیا گیا ہے اس وقت جب مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر چلی گئی ہے،
عوام کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ایسے میں بجلی کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ کیا جا رہا ہے سفید پوش افراد کے لئے بلوں کی ادائیگی ناممکن ہے بجلی بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار، ٹیکس در ٹیکس سے صارفین کو بند گلی میں دھکیل دیا گیا ہے کرائے کی تاجر کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں
حکومت کی عوام دشمن ،تاجر دشمن پالیسیوں نے لوگوں کو ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا کردیا ہے حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں عائد کیے گئے نئے ٹیکس بلا جواز غیر قانونی ہیں عوام اب ایسے ظالمانہ ٹیکس اور بھاری بلوں کی ادائیگی نہیں کریں گے یہ سراسر غنڈہ ٹیکس ہے
سابقہ اور موجودہ حکومت کی معاشی و اقتصادی ٹیم ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے، تاجر برادری کا کاروبار پہلے ہی بدترین مہنگائی کی وجہ سے تباہ ہوچکا ہے ایسے میں بھاری بل ادا کرنا ان کیلئے ناممکن ہے ڈاکٹر فائزہ رشید نے پرزور مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت بجلی بلوں میں بھاری ٹیکس اور سابقہ و موجودہ اضافہ فی الفور واپس لیکر تاجر برادری اور عوام کو ریلیف فراہم کرے بصورت دیگر قومی وطن پارٹی ہر فورم پر تاجر برادری عوام کے احتجاج اور احتجاجی تحریک میں شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور یہ تحریک بجلی کے بلوں پر ہر طرح کے ٹیکسوں کے خاتمے اور حکمران اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے تک جاری رہے گی۔