
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کی مقرر کردہ تاریخ پر شفاف انتخابات کروانے کا پابند ہے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی امریکی سفیر سے ملاقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ صدر مملکت سے ملاقات سے انکار کی شدید مذمت کی گئی۔
کور کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ سربراہ ریاست سے ملاقات سے انکار دستور کی منشا پر سنگین حملہ ہے، چیف الیکشن کمشنر نے امریکی سفیر سے ملاقات کی لیکن ریاست کے سربراہ کو انکار کیا، ان کے رویے نے قوم میں شدید تشویش کو جنم دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر سربراہ ریاست، پارلیمان کا کلیدی جزو اور افواجِ کے سپریم کمانڈر ہیں، آئین اسمبلی تحلیل کے بعد صدر کو انتخابات کی تاریخ کا اختیار دیتا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ الیکشن کمشنر انتخابات 90 روز میں انعقاد سے گریز کی سازش کا مرکزی کردار ہیں، انہوں نے اپنے منصب کی ایک مرتبہ پھر توہین کی اور آئین کو نیچا دکھانے کی کوشش کی ہے، صورتحال کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع بھی خارج از امکان نہیں۔
کور کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے بلا جواز التوا پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ انصاف میں تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ توشہ خانہ متنازع فیصلے میں سنگین نقائص کی نشاندہی سپریم کورٹ کر چکی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی غیر انسانی حالات میں اٹک جیل میں قید ہیں، سابق وزیر اعظم کے بنیادی حقوق مسلسل غصب کیے جا رہے ہیں۔
کور کمیٹی نے کہا کہ امید ہے اسلام آباد ہائی کورٹ مزید التوا کی بجائے کل اسے نمٹائے گی، امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کو معطل کیا جائے گا