ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں میں شفا یابی کے بعد موت کا امکان بڑھ جاتا یے٬ تحقیق

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی سے شفایاب ہونے والے افراد کی عام افراد کی نسبت موت واقع ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
گلاسگو کیلیڈونیئن یونیورسٹی میں ہونے والی اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے ہیپاٹئٹس سی کو شکست دی ان کی موت واقع ہونے کے امکانات ان لوگوں کی نسبت جو اس بیماری میں مبتلا نہیں ہوئے، سے تین تا 14 گُنا زیادہ ہوتے ہیں۔ تاہم، اس بات کا انحصار بیماری کی شدت پر ہوتا ہے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسکاٹش مریضوں کی اموات کی تعداد (442) عام افراد کی اموات (98) کے مقابلے میں 4.5 گُنا زیادہ تھی۔انگلینڈ میں ہونے والی اموات کی شرح پانچ گُنا زیادہ تھی جو متوقع تعداد سے قدرے بلند تھی۔
اس وائرس کا اگر علاج نہ کیا جائے تو یہ جگر کو شدید اور مہلک نقصانات پہنچنے کا سبب بن سکتا ہے۔
تحقیق کے پرنسپل محقق ڈاکٹر ہیمش آئنیز کا کہنا تھا کہ تحقیق میں دیکھا گیا کہ بیماری سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو جگر اور دواؤں کی وجوہات کے سبب اموات کے زیادہ امکانات کا سامنا تھا۔