
نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
کراچی سے سرگودھا جانے والی مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے اور نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب اس کی متعدد بوگیاں الٹ گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے میں 20 مسافر جاں بحق جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک بند ہونے سے ٹرین سروس معطل ہوگئی ہے۔ ٹرین میں سوار مسافروں کی مجموعی تعداد 1100 سے زائد ہے۔
ٹرین حادثہ ہوتے ہی چیخ وپکار مچ گئی اور سب سے پہلے مقامی افراد وہاں پہنچے جب کہ نوابشاہ اسٹیشن سے ریلوے عملہ، پولیس اور ریسکیو ادارے بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو بوگیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد نوابشاہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے سکھر کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کیلیے ریلیف ٹرین روہڑی اور کوٹری اسٹیشن سے روانہ کر دی گئی ہیں جنہیں جائے حادثہ تک پہنچنے میں دو گھنٹے کا وقت لگے گا۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثے میں ٹرین کی 10 بوگیاں پٹری سے اتریں اور ان میں سے 6 بوگیاں الٹ گئیں جب کہ مجموعی طور پر 10 بوگیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی ریسکیو آپریشن جاری ہے اور کوشش ہے کہ زخمیوں کو جلد از جلد اسپتالوں میں منتقل کیا جائے، زخمیوں میں بچے، بزرگ اور خواتین بھی شامل ہیں جن کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حادثے کی لمحہ بہ لمحہ خبر جاننے کے لیے اس لنک کلک کریں
ڈی سی نوابشاہ شہریار گل میمن نے بتایا کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ریسکیو عملہ اور ایمبولنسز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں جب کہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی رینجر سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی ہدایت پر رینجرز کی نفری حادثے کی جگہ پر روانہ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری ریسکیو کے لیے تربیت یافتہ جوانوں کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے