
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) رواں مالی سال 2023-24ء کا پہلا مہینہ مکمل ہوگیا ہے اور بجٹ کا 2 فیصد خرچ ہوسکا ہے محکمہ خزانہ کے دستاویز کے مطابق رواں مالی سال میں 5262 ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں جن میں سے 3311 منصوبے نامکمل اور 1945 منصوبے نئے ہیں ان ترقیاتی منصوبوں پر 3 کھرب 85 ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے کیپیٹل کی مد میں 3 کھرب 36 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ روپے اور ریونیو کی مد میں 49 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہیں پہلے ماہ میں 8 ارب 67 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کئے گئے جس میں سے کیپیٹل کی مد میں 8 ارب 54 کروڑ 27 لاکھ روپے اور ریونیو کی مد میں ایک ارب 30 کروڑ 30 لاکھ روپے شامل ہیں اس رقم میں سے ایک ارب 67 کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ ہوسکے ہیں جو کہ 2 فیصد بنتی ہے جبکہ 2 کھرب 98 ارب 77 کروڑ روپے کی رقم ابھی باقی ہے اور رواں مالی سال کے 11 ماہ باقی ہیں عموماً بجٹ کے پہلے تین مہینوں میں بجٹ زیادہ خرچ نہیں ہوتا اس کے بعد بجٹ کی رقم کو خرچ کرنے میں تیزی آتی ہے اور آخری تین ماہ میں بجٹ کو خرچ کرنے میں زیادہ سخاوت دکھائی جاتی ہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ 80 فیصد سے زیادہ بجٹ خرچ کیا جائے ۔