تازہ ترینخبریںپاکستان

باجوڑ: جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں خودکش دھماکے سے 42 افراد جاں بحق

خبیر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خار میں شنڈے موڑ پر نادرا آفس کے قریب جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں اُس وقت دھماکا ہوا جب کارکنوں کی بڑی تعداد اس میں شریک تھی۔ اب تک 42 افراد جاں بحق ہو چکے جبکہ 111 زخمی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکا اسٹیج کے بالکل نزدیک ہوا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے دستے بھی ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ دھماکے کے 10 شدید زخمی پاک فوج کے ہیلی کاپٹر سے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیے گئے۔ فوج کے 3 ہیلی کاپٹر زخمیوں کے ریسکیو مشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ادھر باجوڑ دھماکے سے متعلق بی ڈی یو نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی۔ ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں 12 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، جائے وقوعہ سے بال بئیرنگ برآمد ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کی اور سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر مولانا اسعد سے رابطہ کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، دہشتگردی کا خاتمہ پوری قوم کا عہد ہے۔

شہباز شریف نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خبیر پختونخوا سے بھی رابطہ کیا اور حملے کی رپورٹ لی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین سہولت اور ملوث مجرموں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کر دی

جواب دیں

Back to top button