تازہ ترینخبریںپاکستان

جاپانی فرم کی سی ویو دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کی تجویز

جاپانی کمپنی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کلفٹن میں دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کے ساتھ صوبے کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر واٹر اسپورٹس کی دیگر سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کی تجویز پیش کی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تجویز یاماہا جاپان کے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سربراہ نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران پیش کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے جاپانی کمپنی کے عہدیدار کو بتایا کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراجوں پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سہولیات نجی شعبے کے تعاون سے فراہم کی جا سکتی ہیں۔

یاماہا کے نمائندے نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ دو دریا سے پورٹ قاسم تک آمد و رفت اور تفریح کے لیے فیری سروس شروع کی جا سکتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کینجھر جھیل، گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری بیراج پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق مواقع پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ یاماہا ویو رنرز جسے تکنیکی طور پر پرسنل واٹر کرافٹ (پی ڈبلیو سی) یا واٹر اسکوٹر کہا جاتا ہے، وہ بہترین کھیل ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سی ویو پر جیٹی ڈیولپمنٹ کا منصوبہ ہے جس کے تحت کلفٹن کے علاقے سے نئے تیار شدہ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ تک فیری سروس شروع کی جائے گی۔

تاہم ذرائع نے بتایا کہ جیٹی ڈیولپمنٹ منصوبے پر کام تاحال شروع نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button