بارات آتے ہی دلہن والدین سمیت فرار

پنجاب کے شہر حاصل پور میں بارات آنے کے بعد دلہن والدین سمیت فرار ہوگئی۔
حاصل پور کے علاقے بسہو میں بارات پہنچی تو دلہن والدین سمیت فرار ہوگئی، دلہا اور باراتی دلہن کے انتظار میں منہ تکتے رہ گئے۔
دلہا کے والد کا بتانا ہے کہ معززین علاقہ اور پولیس واقعہ کا فوری نوٹس لیں۔ ادھر باراتیوں کا کہنا ہے کہ صبح سے بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں کوئی پرسان حال نہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بارات دلہن کو لینے چشتیاں سے آئی تھی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں 52 سالہ شہری کو تیسری شادی کرنا مہنگا پڑ گیا تھا، بیس سالہ دلہن شادی کے ایک ماہ بعد ہی زیوارت اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئی۔
شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کی ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
سوشل میڈیا پر کم عمر لڑکی کے شادی کے بعد گھر سے چوری کرنے کے حوالے سے متاثرہ شہری کا بیان وائرل ہوا تھا، خبر سامنے آنے پر پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور مدعی کو تلاش کر لیا گیا تھا۔