
جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کہا ہے کہ عدالت نے ہماری پٹیشن منظور کرلی ہے اور میئر کراچی کے انتخاب کا پورا عمل ریورس ہو جائے گا۔
جماعت اسلامی کے رہنما اسامہ رضی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے ان کی پٹیشن کو منظور کر لیا گیا ہے اور گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ہونے والے میئر کے الیکشن کا پورا پروسس ریورس ہو جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے جو ممبران وہاں پہنچے میں ان کوسلام پیش کرتا ہوں۔ ریاستی طاقت منتخب نمائندوں کو کچلنے کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ ہم سیاسی، جمہوری اور قانونی ذرائع استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر منتخب ہوگئے جب کہ ان کے حریف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔ انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوا تاہم ووٹنگ کے وقت پی ٹی آئی کے 30 سے زائد ممبران کے ایم سی غائب رہے اور ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔
جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی پر پی ٹی آئی ممبران کے اغوا اور دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا جب کہ میئر کے انتخاب کے بعد آرٹس کونسل کراچی کے باہر کا علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا، جہاں جماعت اسلامی اور پی پی کارکن جھگڑ پڑے تھے۔