
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ساحلی علاقوں کے عوام اور ماہی گیروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام انتظامیہ سے تعاون کریں جبکہ ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سمندری طوفان بپر جوائے سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر حکام سے بریفنگ لی ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کی ہدایات پر متعلقہ تمام صوبائی محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمندر ی طوفان بپر جوائے سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں کو خطرات لاحق ہیں اور حکومت ساحلی علاقوں کے عوام کے جان مال کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے مشینری اور دیگر وسائل کے ساتھ ساحلی علاقوں میں تعینات ہیں۔
جبکہ صوبائی حکومت کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور دیگر حکام نے اورماڑہ کا دورہ کیا اور پاکستان بحریہ کی اورماڑہ بیس کے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں نیوی کے حکام سے ماہی گیروں کی کشتیوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیوی کے حکام کی جانب سے ماہی گیروں کی کشتیوں کو ساحلی پٹی پر تحفظ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔