9مئی ملکی تاریخ کا سیاہ باب!

پچھلے تین روز کے دوران ملک بھر خصوصاً پنجاب، کے پی کے اور اسلام آباد میں جو صورت حال رہی، شرپسند عناصر نے نجی اور سرکاری املاک کو بے دردی کے ساتھ نقصانات سے دوچار کیا، سرکاری اداروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی، نجی اور سرکاری گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا، ہر سُو آگ ہی آگ لگی دِکھائی دی، ملک کو خانہ جنگی کا شکار کرنے کی مذموم کوشش دیکھنے میں آئی، ملکی سرحدوں کی حفاظت اور سلامتی کے ضامن ادارے کی املاک اور تنصیبات وغیرہ پر حملے ہوئے، مذموم مہمات چلائی گئیں، شرپسندوں کی جانب سے فوج کے اُجلے اور شفاف کردار کو داغ دار کرنے کے لیے ہر منفی ہتھکنڈا اختیار کیا گیا، مذموم نعرے لگائے گئے، یہ تمام اوامر قابل مذمت اور ناقابل برداشت تھے، اس سے عوام الناس کی بُری طرح دل آزاری ہوئی، ان مذموم کارروائیوں پر پاک فوج کے ترجمان ادارے ( آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز پریس ریلیز کا اجرا کیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب کے اعلامیہ کے مطابق منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا۔ اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے آرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔ ایک طرف تو یہ شرپسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کے لیے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری جانب لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کے لیے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو دوغلے پن کی مثال ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جو کام ملک کے ابدی دشمن 75سال نہ کر سکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دکھایا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج نے انتہائی تحمل، بردباری اور restraintکا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پروا نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا۔ مذموم منصوبہ بندی کے تحت پیدا کی گئی اِس صورت حال سے یہ گھناؤنی کوشش کی گئی کہ آرمی اپنا فوری ردِعمل دے، جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے۔ آرمی کے میچیور رسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کا اپنی پریس ریلیز میں کہنا ہے کہ ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے پارٹی کی کچھ شرپسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے، جو سہولت کار، منصوبہ ساز اور سیاسی بلوائی ان کارروائیوں میں ملوث ہیں، ان کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور یہ تمام شرپسند عناصر اب نتائج کے خود ذمے دار ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا، جس کی مکمل ذمے داری اسی ٹولے پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملا و متعدد بار اس کا اظہار بھی کر چکا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی عوام کو اُکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔9 مئی کا دن بلاشبہ ملکی تاریخ کے سیاہ ترین باب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شرپسند عناصر کی جانب سے موقر ادارے کی بے توقیری کی بدترین نظیر دیکھنے میں آئی۔ اس کی املاک اور تنصیبات پر حملے شرم ناک اور افسوس ناک رویہ تھا۔ یہ امر ناقابل برداشت تھا۔ اس کے باوجود پاک فوج نے صبر و تحمل کی عظیم مثال قائم کی۔ شرپسند عناصر کی جانب سے پُرتشدد کارروائیوں کو پروان چڑھایا گیا۔ یہ امر حقیقت ہے کہ دشمن جو 75برس میں نہ کر سکا، وہ ملک میں موجود شرپسند عناصر نے محض ایک روز میں کر ڈالا۔ کیا کیا بدترین نظیریں دیکھنے میں نہیں آئیں۔ عوامی ٹیکسوں سے اُن کی سہولت کے لیے بنائے گئے منصوبوں پر حملے کرکے اُنہیں تباہ کیا گیا۔ بے شمار سرکاری اور نجی گاڑیاں جلائی گئیں۔ اس سے ناصرف اربوں کا نقصان پہنچا بلکہ پہلے سے مشکل صورت حال سے دوچار معیشت کو تین روز مفلوج رکھ کر اربوں ڈالرز کے نقصانات کا شکار کیا گیا۔ یہاں تک کہ بانیٔ پاکستان سے منسوب پنجاب کے جناح ہائوس میں قائد اعظمؒ کا یادگار پیانو، رائٹنگ ٹیبل اور تلوار تک جلاڈالی گئی۔ یہ لوگ کسی طور محب وطن نہیں ہوسکتے، یہ سراسر دشمن وطن اور پاک افواج ہیں۔ پاک فوج نے ان عناصر کی شناخت کرلی ہے اور اب ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پریس ریلیز میں پاک فوج کے ترجمان ادارے نے فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دینے کا عندیہ دیا۔ یہ شرپسند عناصر کسی طور رو رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کو کسی طور بخشا نہ جانا چاہیے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جانی چاہیے۔ دوسری جانب شرپسند عناصر ان مذموم حرکتوں سے پاک افواج کا امیج عوام کی نظروں میں خراب کرنے میں ناکام رہے ہیں، کیونکہ پاکستان کے چپے چپے میں بسنے والے محب وطن عوام پاک افواج پر فخر کرتے ہیں، ان کے ہر جوان اور افسر پر قوم کے ہر ہر فرد کو فخر ہے جو ملکی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی زندگیوں کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ہر قدرتی آفت میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں سب سے پہلے پاک افواج ہی موجود ہوتی ہیں۔ شرپسند عناصر ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود عوام کے دلوں میں پاک افواج کے لیے محبت کو کسی طور کم نہیں کر سکتے، وہ ہزاروں بار مذموم سازشیں کر لیں، اُن کا مقدر ناکامی اور نامُرادی ہی بنے گی۔
پولیس جوانوں نے چینی باشندوں کی زندگی بچالی
پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی ہے اور یہ تعلقات 70برسوں پر محیط ہیں۔ چین نے سی پیک منصوبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس کی تکمیل کے لیے بڑی تعداد میں چینی شہری وطن عزیز کے طول و عرض میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ گیم چینجر منصوبہ ہے، اس سے پاکستان میں ترقی اور خوش حالی کے در تیزی کے ساتھ وا ہوں گے، اس لیے یہ منصوبہ دشمن طاقتوں کی نظروں میں بُری طرح کھٹکتا ہے۔ دشمن ممالک اس کو ناکام بنانے کے لیے ہر طرح کی مذموم کوششیں کر چکے ہیں۔ یہاں تک کہ بے دردی کے ساتھ کئی چینی شہریوں کو پاکستان میں قتل کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور اس کے لیے پوری تن دہی سے مصروف عمل ہیں۔ گزشتہ روز شہر قائد چینی شہریوں پر قاتلانہ حملے کو پولیس کے بہادر جوانوں نے بڑی جانفشانی سے ناکام بنایا ہے۔ اخباری اطلاع کے مطابق کراچی میں چینی شہریوں پر دہشت گردوں کا حملہ پولیس نے ناکام بنا دیا۔ مبینہ دہشت گرد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک، ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن ریڑھی گوٹھ جیٹی پر موجود چینی شہریوں پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پولیس اہلکار اکرم علی زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 11لوڈ میگزین، چنے، کھجور، فورسز سے مشابہت رکھنے والی پی کیپ، فرسٹ ایڈ کا سامان، بیگ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔پولیس جوانوں کی اس بہادری پر اُن کی جتنی تعریف اور توصیف کی جائے، کم ہے۔ اُنہوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے چینی شہریوں کی نا صرف زندگی کو دہشت گردوں سے بچایا، بلکہ ایک شرپسند کو جہنم واصل بھی کر دیا۔ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ملک کے ذرے ذرے کی حفاظت کے لیے پوری تندہی کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ خصوصاً پاک افواج ملک کو دشمنوں کی ریشہ دوانیوں سے عرصۂ دراز سے بچاتی آئی ہے اور ہر مذموم سازش پر اُن کے دانت کھٹے کیے ہیں۔ سی پیک منصوبہ ان شاء اللہ جلد مکمل ہوگا اور پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے اور تعلقات خراب کرنے کی تمام تر کوششیں آئندہ بھی اسی طرح ناکام ثابت ہوتی رہیں گی۔