تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

’حکومت کی ہٹ دھرمی برقرار، مزید مذاکرات بے معنی دکھائی دیتے ہیں‘

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور مذاکرات کی مزید نشستیں بے معنی دکھائی دیتی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے نیک نیتی سے معاملے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار نے خود تسلیم کیا کہ پی ٹی آئی نے لچک دکھائی لیکن حکومتی حلقوں نے مذاکرات ناکام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف گھروں پر حملے ہو رہے ہیں۔ ان سب کے باوجود ہم نے مذاکرات جاری رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ملک میں انتخابات ہونا ہماری نہیں حکومت کی خواہش تھی۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے لیکن حکومت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ مذاکرات کی جتنی نشستیں ہوئی ہیں ان کا خلاصہ سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ خواجہ آصف کس کی بولی بول رہے ہیں؟ اس صورتحال میں مجھے مذاکرات کی مزید نشستیں بے معنی دکھائی دیتی ہیں۔ مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کا آئین کو پاؤں تلے روندنا بالکل مناسب نہیں ہے۔ قوم آئین کا دفاع کرے گی اور وہ اس کے دفاع کے لیے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button